Wednesday, July 01, 2026
 

بحیرہ عرب میں امریکی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، فوجی اہلکار لاپتا

 



بحیرہ عرب میں امریکی فوج کا ایم ایچ-60 ایس سی ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے بعد ایک امریکی فوجی لاپتا جبکہ تین اہلکار زخمی ہو گئے ہیں، جن کی حالت خطرے سے باہر اور بہتر بتائی جا رہی ہے۔ امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش (سی وی این-77) پر تعینات ایم ایچ-60 ایس سی ہاک ہیلی کاپٹر کے عملے نے بحیرہ عرب میں ہنگامی طور پر پانی پر لینڈنگ کی اور  ابتدائی معلومات کے مطابق ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ یہ ہنگامی صورت حال کسی دشمنانہ کارروائی کے باعث پیش آئی۔ بیان میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر کے چار رکنی عملے میں سے تین اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور ان کی حالت یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش پر مستحکم بتائی گئی ہے جبکہ خطے میں موجود امریکی بحریہ لاپتا فوجی اہلکار کی تلاش میں مصروف ہے۔ امریکی فوج نے مزید بتایا کہ واقعے کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ https://x.com/US5thFleet/status/2072356461489881505 غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ حادثہ کسی دشمنانہ کارروائی کا نتیجہ تھا جبکہ ہیلی کاپٹر کی پانی میں ہنگامی لینڈنگ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، حتیٰ کہ تجربہ کار پائلٹوں کے لیے بھی کیونکہ پانی میں ڈوبتے وقت ہیلی کاپٹر کے اپنے وزن کی وجہ سے الٹ جانے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔ خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے دوران وقفے وقفے سے کشیدگی کے واقعات کے باعث خطے میں تعینات امریکی افواج بھی ہائی الرٹ پر ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل