Loading
بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان نے اپنے خاندان پر عائد کیے گئے الزامات پر معذرت کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ نجی معاملات کو عوامی سطح پر لانا ان کی غلطی تھی۔ انہوں نے والدہ، بہن، بھائی اور دیگر اہلخانہ سے معافی مانگتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اب ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر رشتوں کو دوبارہ مضبوط بنایا جا سکے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل خان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہیں ایک سرکاری اسپتال سے ذہنی صحت کے حوالے سے مکمل طور پر صحت مند قرار دینے والا سرٹیفکیٹ ملا ہے، جو ماضی میں ان کے ذہنی مرض سے متعلق کیے گئے دعوؤں سے مختلف تصویر پیش کرتا ہے۔
اجول ترویدی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل خان نے سب سے پہلے اپنی والدہ اور بہن نکہت سے معذرت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا افسوس ہے کہ انہوں نے اپنے جذبات میں آ کر نجی معاملات کو میڈیا کے سامنے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی برسوں سے دبی ہوئی باتیں زبان پر آ گئیں، لیکن نکہت اور ان کے شوہر سنتوش ہیگڑے کے بارے میں جو کچھ کہا، وہ انہیں ہرگز نہیں کہنا چاہیے تھا۔
فیصل خان نے اپنے بھائی عامر خان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عامر کے بارے میں بھی نامناسب باتیں کر چکے ہیں، جس پر انہیں افسوس ہے۔ ان کے بقول اب انہیں اپنی غلطیوں کا احساس ہو چکا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ آئندہ دونوں بھائیوں کے درمیان اعتماد اور محبت کا رشتہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو۔
انہوں نے اپنی ذہنی صحت سے متعلق برسوں سے جاری تنازع پر بھی بات کی۔ فیصل کے مطابق ایک وقت تھا جب ان کے اہلخانہ انہیں مختلف ڈاکٹروں کے پاس لے گئے اور اس وقت ان کی تشخیص کچھ اور کی گئی، تاہم بعد میں عدالت کی ہدایت پر جب ان کا سرکاری اسپتال میں طبی معائنہ ہوا تو انہیں مکمل طور پر ذہنی طور پر صحت مند قرار دیا گیا۔
فیصل خان نے کہا کہ ممکن ہے بعض ڈاکٹروں نے اس وقت ان کے خاندان کو غلط معلومات دی ہوں، تاہم اب وہ چاہتے ہیں کہ اہلخانہ سرکاری اسپتال کی رپورٹ پر اعتماد کریں اور ماضی کے تنازعات کو دہرانے کے بجائے آگے بڑھنے کی کوشش کریں تاکہ خاندان میں خوشگوار تعلقات دوبارہ قائم ہو سکیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل