Friday, July 03, 2026
 

ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران 17 افراد جاں بحق، 41 زخمی

 



نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ 26 جون سے 3 جولائی 2026 تک ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں 17افراد جاں بحق اور 41 افراد زخمی ہوگئے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں ایک مکان جزوی طور پر اور گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں شدید بارش اور بجلی گرنے کے باعث 8 مکانات میں پانی داخل ہوا اور ضلع ملاباد میں دریا کے پانی کی سطح بلند ہونے سے 11 مکانات کو نقصان پہنچا۔ این ڈی ایم اے کے اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کے ضلع سکردو میں 0.020 کلومیٹر سڑک بہہ گئی اور ضلع شگر میں 0.06 کلومیٹر سڑک کو نقصان پہنچا ہے اور امدادی سرگرمیوں کے تحت خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں متاثرہ خاندانوں میں خیمے، کمبل، کچن سیٹ، خوراک کے پیکٹ اور دیگر اشیا تقسیم کی گئی ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق تمام بڑے دریا معمول کے بہاؤ پر ہیں تاہم موسمیاتی پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور خاص طور پر اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے چند اضلاع شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ 6 سے 9 جولائی تک تمام بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں مون سون کی بارشوں میں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث دریاؤں کا بہاؤ بڑھ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متعلقہ حکام کو الرٹ کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم کی سطح 1465.35 فٹ جبکہ منگلا ڈیم کی سطح 1163.85 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ زیادہ سے زیادہ ذخیرہ اندوزی کی سطح سے کم ہے تاہم آنے والے دنوں میں متوقع بارشوں کے بعد ان میں اضافے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں تمام صوبائی حکومتوں، متعلقہ اداروں اور امدادی تنظیموں کو صورت حال سے باخبر رہنے اور بروقت اقدامات  کی ہدایت کی گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل