Tuesday, July 07, 2026
 

خاتون کو بچانے کی کوشش میں شہید گروپ کیپٹن عاصم سپرد خاک

 



وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خاتون کو بچانے کی کوشش کے دوران شہید ہونے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی اور بعد ازاں سپرد خاک کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابقپاک فضائیہ کے شہید افسر کو ان کی غیر معمولی جرات، بے لوث فرض شناسی اور عظیم قربانی کے اعتراف میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شہید کیپٹن عاصم کی نماز جنازہ میں شرکت کی، اس موقع پر پاک فضائیہ کے سینئر افسران، فضائیہ کے جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے شہید افسر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی شہادت پاک فضائیہ اور پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ روایات کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بے گناہ شہری کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے شہید افسر نے ثابت کیا کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوان نہ صرف ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں بلکہ اپنے ہم وطنوں کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ یاد رہے کہ پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق دو روز اسلام آباد میں ایک خاتون کو اغوا کرنے کوشش کے دوران ملزم کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔ بعد ازاں ان پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا، جس کی شناخت سعد کے نام سے ہوئی، جو پولیس کے مطابق خاتون کے ساتھ ایک ہی دفتر میں کام کرتا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل