Wednesday, July 15, 2026
 

واشنگٹن: پاکستان اور ڈی ایف سی کے درمیان سرمایہ کاری و شراکت داری کے فروغ پر اتفاق

 



واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی بین الاقوامی ترقیاتی مالیاتی کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر بینجمن بلیک سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ شراکت داری اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے ڈی ایف سی کی جانب سے پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، معدنیات، آئی ٹی اور بندرگاہوں جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو سراہا۔ دونوں فریقین نے مختلف جاری اور ممکنہ منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور مستقبل کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی بھی کی۔ اس موقع پر سفیر رضوان سعید شیخ نے ڈی ایف سی کے چیف ایگزیکیٹو کو فیفا ورلڈ کپ کے لیے پاکستان میں تیار کیا جانے والا آفیشل فٹ بال "ٹرائیونڈا" تحفے کے طور پر پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان میں تیار کردہ فٹ بال کا مسلسل انتخاب ملک کے لیے باعث فخر اور اطمینان ہے۔ ڈی ایف سی کے چیف ایگزیکیٹو بینجمن بلیک نے "ٹرائیونڈا" کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کے صنعتی شعبے کی صلاحیتوں کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات کی ضامن ہوگی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل