Friday, July 17, 2026
 

پوری قوم شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی مقروض ہے، علماء و مشائخ

 



علماء و مشائخ نے قومی سلامتی کیلئے ریاست کے مثبت اقدامات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی مقروض ہے، دہشت گردی، انتہاپسندی، فرقہ واریت اور تشدد کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت علماء و مشائخ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شرکاء نے آئین کی بالادستی اور ریاستی اداروں کے استحکام کے عزم کا اظہار کیا۔ علمائے کرام کے اجلاس میں مولانا ذوالفقار، مولانا عبدالقادر سکندری، مولانا ایوب انصاری، مولانا اقبال عباسی، مولانا ڈاکٹر منیر احمد، مولانا ڈاکٹر محمد سلیم سعیدی، مولانا سید جہانگیر شاہ سعیدی نے شرکت کی۔ مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن، مولانا ابو بکر صدیق، مولانا ڈاکٹر حفیظ الرحمن، علامہ سجاد نقوی، علامہ اختر عباس، مولانا وقاص مجید، مولانا مجیب الرحمٰن، مولانا انیس الرحمن، قاری محمد صدیق اور مولانا حسن فاروق بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔  علماء و مشائخ نے حکومت پاکستان کے ساتھ ہر مثبت اقدام میں بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو گمراہ کن پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنے کے لیے مشترکہ علمی، دینی اور سماجی کوششیں مؤثر بنائی جائیں۔ علماء و مشائخ نے کہا کہ سلام امن، اعتدال، رواداری اور انسانی جان کے احترام کا دین ہے، ریاست، معاشرے اور امن کو نقصان پہنچانے والا ہر عمل قابل مذمت ہے۔ تخریبی سرگرمیوں کے خلاف حکومت اور سیکیورٹی فورسز سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ علماء و مشائخ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور وطن عزیز کو ہر قسم کے داخلی و خارجی خطرات سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل