Friday, July 17, 2026
 

برطانیہ میں ایرانی انٹیلیجنس کیلئے جاسوسی کے الزام پر بڑا ایکشن، 39 سالہ شخص گرفتار

 



لندن: برطانیہ کی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے ایک 39 سالہ شخص پر ایران کی انٹیلیجنس سروس کی مبینہ معاونت کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ برطانوی پولیس کے مطابق واحد عابری نامی ملزم، جو لیورپول کا رہائشی ہے، کو بدھ کے روز برمنگھم کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس پر نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت جرم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ لندن کی کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کی سربراہ کمانڈر ہیلن فلاناگن نے کہا کہ چونکہ معاملہ عدالت میں جا چکا ہے، اس لیے تحقیقات کی تفصیلات پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کی تحقیقات کے دوران عوام، کسی مخصوص کمیونٹی یا کسی فرد کے لیے براہِ راست خطرے کے شواہد سامنے نہیں آئے، اس لیے شہریوں کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے اور اسے ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جائے گا، جہاں مقدمے کی ابتدائی سماعت ہوگی۔ برطانوی حکام نے اس مرحلے پر الزام کی نوعیت یا ملزم کی مبینہ سرگرمیوں کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، جبکہ ایرانی حکام کی جانب سے بھی اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب برطانیہ اور ایران کے تعلقات مختلف سفارتی اور سکیورٹی معاملات کے باعث مسلسل عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل