Monday, July 20, 2026
 

20 سے 24 جولائی کے دوران دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ

 



پی ڈی ایم اے پنجاب نے 20 سے 24 جولائی کے دوران دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عرصے میں پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی صورتحال میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ نالوں بہیں، بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ممکنہ صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو 1122 کو تمام انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے متعلقہ انتظامیہ کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامات پیشگی مکمل رکھنے، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو الرٹ رکھنے، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھنے اور ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا وافر ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ عوام کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے، دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانات اور مویشیوں کے انخلا کو یقینی بنایا جائے، جبکہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں خوراک، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب شہریوں اور ان کے مال مویشیوں کا مکمل خیال رکھے گی، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل