Loading
ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ویگووی اور مونجارو جیسی وزن کم کرنے والی ادویات نہ صرف موٹاپے اور ذیابیطس کے علاج میں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں بلکہ ان کے استعمال سے شراب نوشی کرنے والے افراد کے اسپتال میں داخل ہونے کے خطرے میں بھی نمایاں کمی آ سکتی ہے۔
جی ایل پی-1 گروپ سے تعلق رکھنے والی ادویات جسم میں ایسے ہارمونز کی نقل کرتی ہیں جو خون میں شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے اور بھوک کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ابتدائی مطالعات سے یہ بھی اشارہ ملا ہے کہ یہ ادویات شراب نوشی کی خواہش کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
امریکا میں ہونے والی اس تحقیق میں جنوری 2018 سے دسمبر 2024 کے دوران 40 ہزار 703 افراد کے طبی ریکارڈز کا جائزہ لیا گیا۔ ان افراد نے سیماگلوٹائڈ یا ٹیرزیپیٹائڈ پر مبنی ادویات کا استعمال شروع کیا تھا۔
تحقیق میں چار مختلف مطالعات کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جن میں ذیابیطس، موٹاپے اور شراب نوشی کے مسائل سے متعلق مریض شامل تھے۔
نتائج کے مطابق جی ایل پی-1 ادویات استعمال کرنے والے افراد میں شراب نوشی سے متعلق اسپتال میں داخل ہونے کا خطرہ دیگر ذیابیطس کی ادویات استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں 26 فی صد کم تھا۔
اسی طرح وزن کم کرنے کے لیے یہ ادویات استعمال کرنے والے افراد میں دیگر موٹاپا کم کرنے والی ادویات کے مقابلے میں شراب سے متعلق اسپتال داخلوں کا خطرہ 32 فی صد کم دیکھا گیا۔
تاہم محققین نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ نتائج حوصلہ افزا ہیں لیکن اس حوالے سے موجود شواہد اب بھی محدود اور ملے جلے ہیں، اس لیے حتمی نتائج تک پہنچنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل