Thursday, July 23, 2026
 

کراچی؛ ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار 3 ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے

 



ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تین ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشن معمار کے علاقے احمد بروہی گوٹھ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 3 ملزمان ہلاک اور پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کے اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کی جانب سے گلشن معمار کے علاقے عمر بروہی گوٹھ میں تھانہ فرئیر میں درج مقدمہ الزام نمبر 176/26 میں گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر احمد بروہی گوٹھ نادرن بائی پاس کے قریب چھاپا مار کارروائی کی، جہاں ملزمان کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران نشاندہی پر ساتھ گئے  تینوں ملزمان شدید زخمی ہوئے جو اسپتال پہنچنے سے قبل ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔  ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ایمبولینسز کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس ایچ او ایس آئی یو پولیس ممتاز مہر کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں ملزمان ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں ملوث تھے، جن کی گرفتاری کا اعلان چند روز قبل ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے پریس کانفرنس میں کیا تھا۔ ملزمان نے کلفٹن میں بینک کے باہر رقم چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے ڈاکٹر آکاش کو قتل کیا تھا۔ ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کو نشاندہی کے لیے گلشن معمار لایا گیا تھا، جہاں ان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا۔ اس دوران ہونے والے دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں تینوں گرفتار ملزمان مارے گئے، جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت 24 سالہ سوریش ولد امر چند، 28 سالہ رام چند ولد سونو اور 22 سالہ انیل ولد میر چند کے نام سے ہوئی ہے۔  پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کا تعلق اوڈھ قبیلے سے تھا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکار علی جان کو بھی جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے ۔ ترجمان ایس آئی یو پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل