Loading
تحریک انصاف نے 5 اگست کو مینارِ پاکستان پر جلسے اور احتجاج کی کال دے رکھی ہے، تاہم اجازت نہ ملنے کی صورت میں متبادل حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ سے اجازت کے حصول کے لیے ڈی سی لاہور کو دی گئی درخواست پر مسلسل رابطے اور پیروی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت مل گئی تو پروگرام اسی مقام پر منعقد کیا جائے گا، تاہم اجازت نہ ملنے کی صورت میں تحریک انصاف لاہور کی قیادت اور کارکن ایک مقام پر جمع ہو کر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، جہاں پارٹی قیادت بھی خطاب کرے گی۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ متبادل احتجاج کے لیے آزادی چوک، بتی چوک، لبرٹی چوک اور جی پی او چوک زیر غور ہیں۔ پارٹی کی جانب سے ان مقامات میں سے کسی ایک جگہ احتجاج کیے جانے کا امکان ہے، جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوگی اور قیادت شرکا سے خطاب کرے گی۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز اپنے اپنے حلقوں سے ریلیوں کی صورت میں احتجاجی مقام تک پہنچیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت سے مشروط ہوگا، اگر اجازت مل گئی تو مینارِ پاکستان میں جلسہ منعقد ہوگا، بصورت دیگر لاہور کے کسی ایک مقام پر احتجاج کیا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل