Thursday, August 06, 2026
 

جہلم میں سنجے دت کے والد کا آبائی گھر سامنے آگیا، ویڈیو وائرل

 



پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر سمیل عاطف کی ایک ویڈیو نے پاکستان اور بھارت میں لاکھوں لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔ ویڈیو میں انہوں نے ضلع جہلم کے ایک گاؤں میں واقع وہ تاریخی مکان دکھایا ہے، جہاں بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت کے والد اور ماضی کے نامور فنکار سنیل دت کا بچپن گزرا تھا۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے سنجے دت کو ٹیگ کرتے ہوئے انہیں اپنے آبائی گھر کی یہ جھلک دیکھنے کی دعوت دی۔ رپورٹس کے مطابق یہ قدیم مکان ضلع جہلم کے گاؤں خورد میں واقع ہے۔ سنیل دت، جن کا اصل نام بلراج دت تھا، تقسیم ہند سے قبل اسی گاؤں میں پیدا ہوئے اور اپنی ابتدائی زندگی یہیں گزاری۔ 1947 میں تقسیم کے بعد ان کا خاندان ہجرت کرکے بھارت منتقل ہوگیا، جہاں سنیل دت نے فلمی دنیا میں غیرمعمولی کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں سیاست میں بھی نمایاں مقام بنایا، یہاں تک کہ وہ بھارتی پارلیمنٹ کے رکن بھی منتخب ہوئے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ سنجے دت کی والدہ اور بھارتی فلمی صنعت کی لیجنڈ اداکارہ نرگس دت کا تعلق بھی راولپنڈی سے تھا، اس اعتبار سے سنجے دت کے والدین دونوں کی جڑیں موجودہ پاکستان سے وابستہ رہی ہیں۔ سمیل عاطف نے ویڈیو کے ساتھ اپنی پوسٹ میں لکھا کہ جہلم کے اس چھوٹے سے گاؤں میں سنیل دت کا وہ گھر آج بھی موجود ہے جہاں ان کا بچپن گزرا۔ ان کے مطابق تقسیم کے برسوں بعد جب سنیل دت اپنے آبائی گاؤں واپس آئے تو انہوں نے موجودہ مالکان سے درخواست کی تھی کہ اس مکان کو اسی شکل میں محفوظ رکھا جائے تاکہ آنے والی نسلیں مشترکہ تاریخ اور یادوں سے جڑی رہیں۔ ویڈیو میں سنجے دت کا ایک پرانا بیان بھی شامل کیا گیا، جس میں انہوں نے اپنے والد کے آبائی وطن سے جذباتی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جب بھی سنیل دت اداس ہوتے تو کہتے، ’میں اپنے گھر جانا چاہتا ہوں۔‘ سنجے دت کے مطابق وہ انہیں ممبئی والے گھر کی یاد دلاتے تو سنیل دت جواب دیتے کہ ان کا اصل گھر سرحد پار جہلم میں ہے۔ سنجے دت نے ایک موقع پر یہ خواہش بھی ظاہر کی تھی کہ وہ زندگی میں کبھی اکیلے پاکستان آ کر اپنے والد کے آبائی گاؤں کا دورہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان یادوں کو قریب سے محسوس کر سکیں جن کا ذکر وہ ہمیشہ کرتے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل دت نے تقسیم کے کئی برس بعد پاکستان میں اپنے آبائی گاؤں کا دورہ بھی کیا تھا، جہاں مقامی لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں اپنے ہی خاندان کے فرد کی طرح خوش آمدید کہا۔         View this post on Instagram                       یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دونوں ممالک کے صارفین جذباتی تبصرے کر رہے ہیں۔ متعدد افراد نے اسے مشترکہ ثقافتی ورثے اور انسانی رشتوں کی خوبصورت علامت قرار دیا، جبکہ بہت سے مداحوں نے امید ظاہر کی ہے کہ شاید مستقبل میں سنجے دت اپنے والد کی ادھوری خواہش پوری کرتے ہوئے جہلم کے اس تاریخی گھر کا دورہ کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل