Thursday, August 06, 2026
 

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر چوکیدار جاں بحق

 



شہر قائد کے علاقے کلفٹن باتھ آئی لینڈ میں مسلح ڈکیتوں نے مزاحمت پر چوکیدار کو فائرنگ کر کے قتل کردیا جبکہ بن قاسم میں فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن باتھ آئی لینڈ بلاک 7 گلی نمبر ایک میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ چھیپا حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 40 سالہ میوہ کے نام سے کی گئی جسے سینے پر گولی لگی تھی ، ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔ ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نیازی نے بتایا کہ مقتول کا آبائی تعلق تھر سے تھا جو کہ ایک بنگلے کا چوکیدار اور باہر بیٹھا ہوا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا تاہم ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے مگر پولیس تمام پہلوؤں پر تحقیقات کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ دوسری جانب بن قاسم کے علاقے نیشنل ہائی وے لنک روڈ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ اس حوالے سے ایس ایچ او بن قاسم فیصل رفیق نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 40 سالہ بشیر کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول ٹرک ڈرائیور تھا جس کا آبائی تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔ مقتول ٹرک اڈے پر موجود تھا جسے گھات لگائے ہوئے ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں اسے جسم پر 3 گولیاں لگی تھیں جس میں ایک گولی سینے پر بھی لگی تھی جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 3 خول ملے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ زاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل