Loading
سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے کیلڈرون ٹیکسٹائلز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاک امریکا تجارتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ریاست انڈیانا میں قائم معروف ٹیکسٹائل کمپنی کیلڈرون ٹیکسٹائلز کا دورہ کیا، جو صحت اور طب کے شعبوں میں ٹیکسٹائل مصنوعات فراہم کرنے والی نمایاں امریکی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔
دورے کے دوران سفیرِ پاکستان نے کیلڈرون ٹیکسٹائلز کے ہیڈکوارٹرز اور ڈسٹری بیوشن سینٹر کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں کمپنی کے آپریشنز، جدید ویئرہاؤسنگ سہولیات، ملک گیر سپلائی نیٹ ورک اور پاکستان کے ساتھ جاری تجارتی روابط کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سفیرِ پاکستان نے کیلڈرون ٹیکسٹائلز کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تجارتی تعلقات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کے اعلیٰ معیار، قابلِ اعتماد پیداوار اور عالمی مسابقتی صلاحیت کی عکاس ہے اور پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تجارتی تعاون کی ایک بہترین مثال بھی ہے۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان جامع اقتصادی اصلاحات، شفاف اور کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے دوطرفہ تجارت کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط نئی تجارتی راہیں ہموار کرنے، دوطرفہ تجارت میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکا کے درمیان سیاسی روابط اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل