Friday, August 07, 2026
 

آبنائے ہرمز کھولنے کے منصوبے پر خدشات، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں

 



لندن: آبنائے ہرمز کے دوبارہ کھولے جانے کے منصوبے سے متعلق نئی تشویش کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران اور عمان آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے ایک نئے انتظام پر بات چیت کر رہے ہیں، تاہم مجوزہ قواعد کے حوالے سے بعض خدشات نے سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ ایسے بحری جہاز جنہیں تہران دشمن یا مخالف سمجھتا ہے، انہیں آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ اس کے علاوہ مجوزہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے آبنائے ہرمز انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور دیگر توانائی کی مصنوعات کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ اسی وجہ سے اس آبی گزرگاہ کی بندش یا محدود آمدورفت عالمی تیل کی قیمتوں پر فوری اثر ڈال سکتی ہے۔ رائٹرز کے مطابق جمعہ کی ابتدائی تجارت میں برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 99 سینٹ یعنی تقریباً 1.2 فیصد اضافے کے بعد 83.48 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت میں 85 سینٹ یعنی تقریباً 1.1 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 78.84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بڑی وجہ یہ خدشہ ہے کہ آبنائے ہرمز دوبارہ کھلنے کے باوجود وہاں بحری آمدورفت مکمل طور پر معمول پر آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔ ایران اور عمان کے درمیان جاری بات چیت میں اگرچہ تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے کسی انتظام پر اتفاق ہوجاتا ہے، تاہم جہازوں کی اقسام، ممکنہ پابندیوں اور جرمانوں سے متعلق شرائط عالمی شپنگ کمپنیوں کے لیے اہم معاملہ بن سکتی ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں جہاز رانی محدود رہی تو عالمی تیل کی رسد متاثر ہونے کا خدشہ برقرار رہے گا، جس کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب اگر ایران اور عمان کے درمیان ایسا قابلِ عمل انتظام طے پا جاتا ہے جس سے بڑی تعداد میں تجارتی جہاز محفوظ طریقے سے آبنائے ہرمز سے گزر سکیں تو عالمی توانائی کی منڈی کو کچھ استحکام ملنے کی توقع ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل