Loading
سانگھڑ کے تھانہ پیرومل کی حدود میں واقع گاؤں لوہارڑو میں قوت گویائی اور سماعت سے محروم لڑکے کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
واقعے کے بعد متاثرہ بچے کا ڈی ایچ کیو اسپتال سانگھڑ میں طبی معائنہ کرایا گیا جبکہ ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف متاثرہ خاندان نے اسپتال میں احتجاج کیا۔
متاثرہ بچے کے والد شوکت علی شر کے مطابق واقعہ تین روز قبل پیش آیا تاہم بچہ خوف اور ذہنی دباؤ کے باعث دو روز تک خاموش رہا۔ دو روز بعد بچے نے اپنی والدہ کو اشاروں کے ذریعے مبینہ واقعے سے آگاہ کیا۔
والد کا کہنا ہے کہ بچے نے اشاروں کے ذریعے بتایا کہ اسے اسلحے کے زور پر کھیتوں میں لے جایا گیا جہاں اس کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی گئی۔
اہلخانہ کے مطابق پولیس نے دو نامزد اور ایک نامعلوم ملزم کے خلاف ابتدائی رپورٹ درج کرلی ہے تاہم تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
ملزمان کی عدم گرفتاری پر متاثرہ خاندان نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں احتجاج کرتے ہوئے فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی سانگھڑ شاہنواز چاچڑ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں 12 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل