Wednesday, August 12, 2026
 

افغانستان؛ طالبان نے اقوام متحدہ کے امدادی مشن کے 2 رضاکاروں کو گرفتار کرلیا

 



افغانستان میں طالبان کے انٹیلی جنس ادارے نے اقوام متحدہ کے امدادی مشن UNAMA کے دو افغان اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ سے جڑے ان دونوں اہلکاروں کو مغربی افغانستان کے صوبہ ہرات میں گزشتہ اتوار کو افغان انٹیلی جنس حکام نے حراست میں لیا۔ اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ دونوں افراد اس کے افغانستان مشن سے وابستہ افغان عملہ ہیں، تاہم ان کی شناخت اور گرفتاری کی مبینہ وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں لائی گئیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کے خلاف عائد الزامات یا ان کی گرفتاری کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ طالبان حکام نے اقوام متحدہ کے نمائندوں کو زیر حراست اہلکاروں سے ملاقات یا ان کی خیریت معلوم کرنے کی اجازت بھی نہیں دی۔ اقوام متحدہ نے واضح کیا ہے کہ اس کے اہلکاروں کو حاصل مراعات اور استثنیٰ کا احترام کیا جانا چاہیے اور کسی بھی کارروائی کی صورت میں متعلقہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پابندی ضروری ہے۔  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے طالبان حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور اس کے اہلکاروں کو حاصل خصوصی مراعات اور استثنیٰ کا مکمل احترام یقینی بنائیں۔ یاد رہے کہ جون 2026 میں بھی ہرات شہر میں کم از کم 30 خواتین کو گرفتار کیا گیا تھا جو اقوام متحدہ کی خوراک کی فراہمی کے ادارے سے منسلک تھیں۔ ان خواتین کو طالبان کے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے اہلکاروں اور پولیس نے لباس سے متعلق ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی پر گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں خواتین کو رہا کردیا گیا، تاہم ان گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کے دوران سکیورٹی فورسز کے طاقت کے استعمال سے ایک بچہ ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔  اقوام متحدہ نے اس موقع پر طالبان حکام کو یاد دلایا تھا کہ افغان شہریوں کو آزادیٔ اظہار، پرامن اجتماع، شخصی آزادی اور من مانی گرفتاری سے تحفظ کا حق حاصل ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی افغانستان میں معاونت کا مشن 2002 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کا مقصد افغانستان میں امن، سیاسی استحکام، انسانی حقوق اور انسانی امداد کے سلسلے میں عالمی برادری کی کوششوں میں معاونت کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جون 2026 میں مشن کی مدت مزید ایک سال کے لیے بڑھا کر جون 2027 تک کردی تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل