Wednesday, August 12, 2026
 

وفاقی وزرا راولپنڈی واقعے کو لانگ مارچ کی بوکھلاہٹ کیوجہ اسے پی ٹی آئی سے جوڑ رہے ہیں، شفیع جان

 



وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے راولپنڈی کے مال روڈ پر پیش آئے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی شخص کے انفرادی فعل کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر عائد نہیں کی جاسکتی، 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی بوکھلاہٹ کی وجہ سے وفاقی وزرا واقعے کو پی ٹی آئی سے جوڑ رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات و نشریات شفیع جان نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی مال روڈ پر پیش آنے والا فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایسے کسی واقعے کی حمایت کرتی ہے اور نہ ہی ساتھ کھڑی ہے، کسی شخص کے انفرادی فعل کی ذمہ داری پاکستان تحریک انصاف پر عائد نہیں کی جا سکتی۔ شفیع جان نے کہا کہ وفاقی حکومت کے جعلی وزرا  ایک فرد کے انفرادی عمل کو بنیاد بنا کر پی ٹی آئی کے خلاف زہر اگل ر ہے ہیں،   واقعے کے ایک گھنٹے بعد ہی عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کے خلاف بیان بازی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ انتشار پسند جماعت کون ہے، شاید طلال چوہدری بھول گئے ہیں مگر قوم ماڈل ٹاؤن کا واقعہ نہیں بھولی، پنجاب حکومت اور پولیس کی سرپرستی میں گلو بٹ کے کردار کو قوم نہیں بھولی، مسلم لیگ (ن) کے کارکن ماضی میں سپریم کورٹ پر بھی حملہ آور ہوئے تھے، طلال چوہدری یہ واقعہ بھی یاد رکھیں۔ شفیع جان نے کہا کہ طلال چوہدری کو اصل خوف 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا ہے، اسی خوف اور بوکھلاہٹ میں وفاقی وزرا واقعے کو پاکستان تحریک انصاف سے جوڑ رہے ہیں، مینڈیٹ چور حکومت کے وزراء خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر بات کرنے سے پہلے وفاق اور پنجاب کی کارکردگی قوم کے سامنے پیش کریں۔ اُن کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری حوصلہ رکھیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں 27 ستمبر کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ آئین اور قانون کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل