Loading
نیو کراچی دعا ہوٹل کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے، ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا موبائل فون، پرس اور موٹر سائیکل برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے نیو کراچی سیکٹر فائیو ایف دعا ہوٹل سروس روڈ پر ڈاکو شہری سے واردات کر رہے تھے کہ گشت پر تعینات پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے، ہلاک مبینہ ڈاکوؤں کے قبضے سے دو تیس بور پستول، چھینا ہوا موبائل اور والٹ، موٹر سائیکل اور نقد رقم برآمد کر لی گئی، ہلاک ملزمان کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئیں۔
ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت ریاض ولد میر محمد اور بابو ولد عالم دین کے ناموں سے کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان کو پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ میں دو ملزمان شدید زخمی ہوئے، زخمی ملزمان اسپتال منتقلی کے دوران ہلاک ہوگئے۔
ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ ہلاک ملزمان سے اسلحہ موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد ہواہ، لاک ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل