Thursday, August 13, 2026
 

ڈاکٹر آکاش قتل کیس کے ملزمان کے قتل سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع

 



انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس کے ملزمان کے قتل سے متعلق اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ نے پولیس مقابلہ اور اقدام قتل کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔ رپورٹ انسپکٹر وقاص انور نے عدالت میں جمع کرائی۔ رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کو گرفتار کرنے گئے تھے، بروہی گوٹھ ٹول پلازہ کے قریب پولیس مقابلہ ہوا۔ گینگ کے سربراہ اسلم پہنور اور اس کے 2 نامعلوم ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔ ملزمان کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل علی جان زخمی ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے ڈاکٹر آکاش کے زیر حراست 3 قاتل مارے گئے۔ پولیس حراست میں مارے جانے والوں میں سریش کمار، رام چند اور انیل شامل ہیں۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے باعث تینوں ملزمان فرار ہوگئے۔ رپورٹ میں 9 ایم ایم کے 2 سرکاری پستول، ایک سرکاری ایس ایم جی، ایک بلٹ پروف جیکٹ اور 2 موٹر سائیکلوں کو کیس پراپرٹی بتایا گیا ہے۔ پولیس رپورٹ میں قتل ہونے والے تینوں ملزمان کا ذکر ہے لیکن قتل کی دفعہ شامل نہیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق رپورٹ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ نے وصول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ مقابلہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں ہوا تھا، اس لیے رپورٹ متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر آکاش کو کلفٹن میں ڈکیتی کے دوران قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے تین ملزمان کو بطور قاتل گرفتار کیا تھا۔ تینوں ملزمان دوران ریمانڈ ایک مقابلے میں مارے گئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل