Loading
چیئرمین ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ وزیر پیٹرولیم سے گزشتہ ملاقات میں ماحول اچھا نہیں رہا تھا جب کہ وزیر پیٹرولیم سے آج آدھے گھنٹے فون پر بات کرکے پرافٹ مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے ہنگامی نیوز کانفرنس میں کہا کہ وزیر پیٹرولیم سے آج آدھے گھنٹے فون پر بات کرکے پرافٹ مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کرادی گئی ہے، وزیراعظم سے خصوصی منظوری لے کر وزیر پیٹرولیم نے 1 روپے 34 پیسے پرافٹ مارجن بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر پیٹرولیم کی مداخلت پر ای سی سی کا آج اجلاس طلب کیا گیا ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے کوٹہ سسٹم کو ختم کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔ ملک بھر میں ہونے والی کل پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال ملتوی کی جاتی ہے۔
ملک خدا بخش نے کہا کہ حکومت نے ہمارے دو اہم نکات تسلیم کرلیے ہیں، پیٹرولیم انڈسٹری کے لیے حکومت سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کریں گے، حکومت نے ہمیں سراہا کہ ہم ہمیشہ ریاست کا ساتھ دیتے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتوں کا حل تین مراحل میں ہوگا جس میں دو ہفتے لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کم از کم روزانہ قیمتوں کے تعین کے مطالبے کو قبول کرلیا ہے۔ ہم نے حکومت کو ایک ماہ تک قیمتوں کے تعین کی تجویز دی ہے، حکومت 7 دنوں تک قیمتوں کے تعین کے لیے راضی ہوسکتی ہے۔
وائس چیئرمین پی پی ڈی اے طارق حسن کا کہنا ہے کہ ہر سال 1 روپے 34 پیسے افراط زر کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کے تحت گزشتہ 4 سال سے حکومت نے ہمارے 5 کروڑ ڈالر روک رکھے ہیں، اب فی لیٹر پرافٹ مارجن 8.84 روپے سے بڑھ کر 10 روپے ہوجائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل