Loading
صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی، جس میں سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ طے پانے والے دفاعی معاہدے اور علاقائی صورت حال کے تناظر میں عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیےکے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت آصف علی زرداری سےایوان صدر میں ملاقات ہوئی اور وزیراعظم نے صدر کو یوم آزادی کی مبارک باد دی، اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسداد منشیات محسن رضا نقوی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے صدر مملکت کو مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مابین طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کے حوالے سے آگاہ کیا اور صدر مملکت نے دفاعی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور امت مسلمہ کی سلامتی کے فروغ کے حوالے سے سہ فریقی امن معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر زرداری نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط تزویراتی شراکت داری میں ڈھالنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔
ملاقات میں داخلی اور خارجی امور سمیت فتنۃ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
صدر مملکت نے علاقائی صورت حال کے تناظر میں عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں ریلیف فراہم کرنے، اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی اور انہیں مناسب نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی مؤثر سفارتی کاوشوں سے ملک کے عالمی مقام کو مزید تقویت ملے گی اور اس کے مثبت اثرات ملکی معیشت اور عوام کی زندگیوں پر مرتب ہوں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل