Friday, August 14, 2026
 

گزشتہ مالی سال میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1567 ارب 45 کروڑ روپے وصول کرنے کا انکشاف

 



وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ مالی سال 26-2025 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 1567 ارب 45 کروڑ روپے کی وصولی کی گئی ہے اور اس وقت پیٹرول پر فی لیٹر 80 روپے پیٹرولیم لیوی وصول کی جارہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم لیوی کی وصولی حکومتی ہدف اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے تخمینے سے بھی زیادہ رہی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں 50 ارب 16 کروڑ روپے کی الگ وصولی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مالی سال 26-2025 میں لیوی کی وصولی میں347 ارب 24 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا، پیٹرولیم لیوی کی وصولی حکومتی ہدف سے تقریبا 100 ارب روپے زیادہ رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال لیوی کی وصولی آئی ایم ایف کے تخمینے سے 21 ارب روپے زیادہ رہی جبکہ مالی سال 26-2025 کے لیے آئی ایم ایف نے پیٹرولیم لیوی وصولی کا تخمینہ 1546 ارب روپے لگایا تھا اور پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا حکومتی ہدف 26-2025 میں 1468ارب روپے مقرر تھا۔ قبل ازیں مالی سال 25-2024 میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی 1220 ارب21 کروڑ روپے اور مالی سال 24-2023 میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصولی ایک ہزار 19ارب روپے، مالی سال 23-2022 میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصولی 580 ارب روپے تھی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس وقت پیٹرول پر 80 روپیے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر77روپے28 پیسے فی لیٹرکے حساب سے لیوی عائد ہے، اسی طرح پیٹرول، ڈیزل پر 5،5 روپے فی لیٹر کے حساب سے کلائمیٹ سپورٹ لیوی الگ سے عائد ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل