Monday, August 17, 2026
 

میر رضا قتل کیس؛ لاش ملنے سے ایمبولینس کی روانگی تک اہم تفصیلات سامنے آگئیں

 



میر رضا قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، لاش ملنے کے مقام کے قریب واقع مسجد پر نصب کیمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی تفتیشی حکام کو موصول ہوگئی ہے، جس سے جائے وقوعہ پر پولیس اور ایمبولینس کی آمد سمیت دیگر اہم تفصیلات واضح ہوگئی ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کی لاش 29 جولائی کو ملی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز سے معلوم ہوا ہے کہ لاش سب سے پہلے ایک مالی نے دیکھی، جس نے صبح 11 بج کر 52 منٹ پر پولیس کو اطلاع دی۔ ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے کے بعد پولیس کے 2 اہلکار موٹرسائیکل پر جائے وقوعہ پر پہنچے، جس کے بعد پولیس موبائل بھی موقع پر پہنچ گئی۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمبولینس دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر جائے وقوعہ پر پہنچی، جبکہ لاش کو ایک بج کر 46 منٹ پر وہاں سے لے جایا گیا۔ ذرائع کے مطابق لاش ملنے کے بعد 2 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود کرائم سین یونٹ جائے وقوعہ پر نہیں پہنچا تھا، جس کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کے لاپتہ ہونے سے ایک روز قبل، یعنی 28 جولائی کو، اسی مقام پر مالی نے پانی دیا تھا، تاہم اس وقت وہاں کوئی لاش موجود نہیں تھی۔ تفتیش کار لاش ملنے کے مقام اور اس کے اطراف میں جیوفینسنگ بھی کروا چکے ہیں، جبکہ مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے جائے وقوعہ کے اطراف موجود افراد اور مشتبہ نقل و حرکت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ میر رضا کے قتل کے محرکات اور ملزمان تک پہنچنے میں مدد مل سکے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل