Tuesday, August 18, 2026
 

یونان؛ ہنی مون منانے سیاحتی جزیرے جانے والے نوبیاہتا جوڑے کا ہیلی کاپٹر تباہ؛ ہلاکتیں

 



یونان کے سیاحتی جزیرے سیفنوس میں ہنی مون کے لیے آنے والے برطانوی نوبیاہتا جوڑے اور ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی حادثے میں موت ہوگئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا کہ نوبیاہتا جوڑا شادی کے بعد ہنی مون منانے یونان آیا تھا اور نجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایتھنز کے قریب واقع گاؤں مارکوپولو سے سیفنوس پہنچ رہا تھا۔ ہیلی کاپٹر کو مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 15 منٹ پر لینڈ کرنا تھا تاہم لینڈنگ سے چند لمحے قبل اور ہیلی پیڈ سے صرف چند میٹر کی دوری پر حادثے کا شکار ہوگیا۔ مقامی افراد نے بتایا کہ حادثے سے کچھ دیر پہلے ہیلی کاپٹر سے غیر معمولی انجن کی آواز آئی تھی۔ طیارہ گھروں کے انتہائی قریب گرا اور حادثے میں ہیلی کاپٹر اور مسافرکچھ بھی سلامت نہیں بچا تھا۔ ایک عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر لینڈنگ پیڈ سے پر تھا کہ اچانک کنٹرول کھو بیٹھا اور زمین سے ٹکرا گیا جس سے ہیلی کاپٹر میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ ہیلی کاپٹر کا ملبہ قریبی علاقے میں بکھر گیا جبکہ حادثے کے نتیجے میں اٹھنے والا سیاہ دھواں دور سے دکھائی دیتا رہا۔ ہلاک ہونے والے نوبیاہتا جوڑے کی شناخت برطانوی شہری الیگزینڈر کرومی اور ان کی اہلیہ میری ایبرٹ کے ناموں سے ہوئی جب کہ یونانی پائلٹ جارجیوس رائیکوس بھی ہلاک ہوگئے۔ فائر فائٹرز اور مقامی امدادی کارکن فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور ملبے میں لگنے والی آگ پر قابو پایا۔ حکام نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تینوں افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں حادثے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آئی تاہم عینی شاہدین کی جانب سے غیر معمولی انجن کی آواز کی اطلاع کے بعد میکینیکل خرابی کو ممکنہ وجہ کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ برطانوی اور یونانی میڈیا کے مطابق حکام ہیلی کاپٹر کے انجن، پرواز کے ریکارڈ، موسم اور دیگر شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم نے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرنے اور عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ تاحال حادثے کی حتمی وجہ کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، تحقیقات جاری ہیں۔ حتمی رپورٹ سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل