Loading
عالمی یومِ انسانیت (ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے) کی مناسبت سے الخدمت فاؤنڈیشن اور یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ (UNIW) کے باہمی اشتراک سے الخدمت کمپلیکس میں ’’ضمیر کی آواز‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی میڈیا ٹاک کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید وقاص جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں لاکھوں بے گناہ شہری شدید انسانی بحران کا شکار ہیں، جہاں خوراک، ادویات اور صاف پانی کی بلا تعطل اور محفوظ فراہمی عالمی برادری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی امداد کسی سیاسی، مذہبی یا نسلی وابستگی سے بالاتر ایک عالمگیر حق ہے۔ UNIW کے اشتراک سے جاری اس مہم کے تحت انہوں نے زور دیا کہ اعلان کردہ جنگ بندی معاہدے کے مطابق روزانہ 600 امدادی ٹرکوں کا غزہ میں داخلہ اور محفوظ راہداریوں کو ہر صورت فعال رکھا جائے۔
سید وقاص جعفری نے واضح کیا کہ ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے پر ’’ضمیر کی آواز‘‘ مہم کا مقصد کسی سیاسی یا مذہبی گروہ کی حمایت کے بجائے انسان دوست اصولوں، غیر جانبداری اور بلا امتیاز خدمت کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے سیلاب اور ترکیہ و شام کے تباہ کن زلزلوں کے دوران الخدمت کی امدادی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بروقت رسائی ہی انسانی جانیں بچا سکتی ہے۔
اس موقع پر مرکزی نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے کی مناسبت سے الخدمت فاؤنڈیشن اور دنیا بھر میں خطرات کے باوجود انسانیت کی خدمت کرنے والے تمام رضاکاروں کے جذبے اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت اور UNIW مشکل کی ہر گھڑی میں مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہیں اور عالمی برادری سے اپیل کرتی ہیں کہ بحران زدہ علاقوں میں امدادی اداروں اور ان کے رضاکاروں کو محفوظ و فعال ماحول فراہم کیا جائے تاکہ کوئی بھی انسان بنیادی ضروریات سے محروم نہ رہے۔ اس موقع پر سینئیر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی اور انٹرنیشنل افئیرز احمد طور بھی موجود تھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل