Saturday, August 22, 2026
 

اسما عباس کے شوہر پہلی اہلیہ کو یاد کرتے ہوئے رو پڑے

 



سینئر پاکستانی اداکارہ اسما عباس کے شوہر ریٹائرڈ کرنل غلام عباس اپنی پہلی اہلیہ کا ذکر کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔ جوڑے نے حال ہی میں وصی شاہ کے پروگرام میں شرکت کی جہاں غلام عباس نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔ غلام عباس نے اعتراف کیا کہ انہیں آج بھی اس بات کا پچھتاوا ہے کہ انہوں نے اسما عباس سے دوسری شادی کے بارے میں اپنی پہلی اہلیہ کو ابتدا میں نہیں بتایا بلکہ ان سے حقیقت چھپائی اور جھوٹ بولا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس وقت اپنے فیصلے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پہلی اہلیہ کو سچ بتانا چاہیے تھا اور معاملہ چھپانے کے بجائے واضح انداز میں بات کرنی چاہیے تھی۔ اسما عباس نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ان کے شوہر اپنی پہلی اہلیہ کی زندگی میں ان کے سامنے اپنے اس پچھتاوے کا باقاعدہ اظہار نہیں کر سکے تھے۔ پہلی اہلیہ کے آخری لمحات یاد کرتے ہوئے غلام عباس جذباتی ہو گئے اور بتایا کہ جب وہ شدید تکلیف میں تھیں تو انہوں نے ان کے پاؤں چھو کر اپنے احساسات اور پچھتاوے کا اظہار کرنے کی کوشش کی مگر وہ اسے الفاظ میں بیان نہ کر سکے۔ غلام عباس کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنے دل کی بات زندگی میں ہی اپنے پیاروں سے کہہ دینی چاہیے کیونکہ جذبات کو صرف محسوس کرنا نہیں بلکہ الفاظ میں بیان کرنا بھی ضروری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل