Saturday, August 22, 2026
 

مارک زکربرگ نے آئرلینڈ میں تاریخی محل خرید لیا، قیمت جان کر ہوش اڑ جائیں گے

 



میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے آئرلینڈ میں 19ویں صدی کا تاریخی محل خرید لیا ہے، جس کے ساتھ سیکڑوں ایکڑ پر مشتمل وسیع اراضی بھی موجود ہے۔ دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے زکربرگ کی اس نئی جائیداد کی قیمت نے بھی خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق زکربرگ نے آئرلینڈ میں واقع Strancally Castle کے ساتھ موجود تقریباً 440 ایکڑ زمین بھی خریدی ہے۔ ذرائع کے مطابق تاریخی محل اور اس سے منسلک اراضی کے لیے انہوں نے تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ سے ساڑھے 3 کروڑ ڈالر ادا کیے، جو پاکستانی کرنسی میں 6 ارب 38 کروڑ سے 9 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔ میٹا کے ترجمان کے مطابق مارک زکربرگ اور ان کا خاندان اس تاریخی رہائش گاہ کی دیکھ بھال جاری رکھے گا۔ زکربرگ آئرلینڈ میں وقت گزارنے کے خواہش مند ہیں، جہاں میٹا کا بین الاقوامی ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔ دریا کے کنارے واقع اس محل کے اطراف وسیع سبزہ موجود ہے، جبکہ 2001 کی ایک میڈیا رپورٹ میں اس تاریخی عمارت کی اندرونی ساخت کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ اس میں کم از کم 11 بیڈ رومز، ٹاورز میں موجود چار کمرے، ایک لائبریری، ڈائننگ روم اور ڈرائنگ روم شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق مارک زکربرگ نے یہ محل ایک سرمایہ کار سے خریدا ہے، جو گزشتہ 25 برس سے اپنے خاندان کے ہمراہ اسی جائیداد میں مقیم تھا۔ زکربرگ کی نئی رہائش گاہ میٹا کے ڈبلن میں قائم بین الاقوامی ہیڈکوارٹر سے بھی زیادہ فاصلے پر نہیں۔ کمپنی نے 2017 میں اسی شہر میں تقریباً 31 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر مشتمل ایک ڈیٹا سینٹر قائم کیا تھا، جو نئے محل سے تقریباً 20 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔ رواں برس زکربرگ کی جانب سے یہ پہلی بڑی جائیداد کی خریداری نہیں۔ اس سے قبل وہ امریکی شہر میامی میں تقریباً 17 کروڑ ڈالر مالیت کا گھر بھی خرید چکے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل