Loading
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کم خطرے والے درخواست گزاروں کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن کو تیز اور مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر کی ریونیو ڈویژن ان لینڈ ریونیو کی جانب سے باضابطہ طور پرسیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 20 آف 2026 جاری کردیا گیا ہے۔
اس میں بتایا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس رجسٹریشن کی درخواستوں پر کارروائی خطرے کی بنیاد پر کی جائے گی، جبکہ کمپیوٹرائزڈ رسک پیرامیٹرز کے تحت کم خطرے کے زمرے میں آنے والی درخواستوں کو ترجیحی اور مقررہ مدت میں نمٹایا جائے گا جن کم خطرے والی درخواستوں میں تمام مطلوبہ معلومات اور دستاویزات مکمل ہوں گی۔
متعلقہ لوکل رجسٹریشن آفس ان پر غیر ضروری تاخیر کے بغیر کارروائی کرے گا اور جہاں تک ممکن ہو رجسٹریشن تین ورکنگ دنوں کے اندر دے گا۔
ایف بی آر کے مطابق کم خطرے والے درخواست گزار سے اضافی دستاویز یا معلومات صرف اسی صورت طلب کی جائے گی جب وہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت خصوصی طور پر درکار ہو، سیلز ٹیکس رولز 2006 میں مقرر ہو۔
درخواست گزار کی فراہم کردہ معلومات کی تصدیق کے لیے ضروری ہو یا کمپیوٹرائزڈ رسک مینجمنٹ سسٹم میں کسی مخصوص خطرے کی نشاندہی ہوئی ہوایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ مزید جانچ کی ضرورت والی درخواست متعلقہ افسر کو بھیجتے وقت اس کی مخصوص وجوہات الیکٹرانک طور پر ریکارڈ کی جائیں اور درخواست کو بغیر وجہ کے زیر التوا نہ رکھا جائے۔
اگر درخواست نامکمل ہو یا کوئی مطلوبہ دستاویز یا معلومات غائب، غلط یا ناکافی ہو تو درخواست گزار کو درخواست جمع کرانے کے سات دن کے اندر کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
اطلاع میں مطلوبہ دستاویز یا معلومات، سامنے آنے والی کمی یا تضاد، اسے دور کرنے کا طریقہ اور تعمیل کے لیے دیا گیا وقت واضح طور پر درج ہوگاجنرل آرڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی عمومی یا مبہم اعتراض نہیں اٹھایا جائے گا اور ہر اعتراض مخصوص، متعلقہ اور متعلقہ قانونی یا ضابطہ جاتی تقاضے سے قابلِ سراغ ہونا چاہیے۔
درخواست گزار کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات یا معلومات فراہم کرنے کے بعد درخواست مکمل ہوجائے تو اسے دوبارہ رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا بلکہ درخواست پر فوری کارروائی کی جائے گی۔
ایف بی آر نے حقیقی مینوفیکچرنگ اداروں کی رجسٹریشن میں سہولت کے لیے مختلف شعبوں کی مینوفیکچررز کی نمائندہ سیکٹرل ایسوسی ایشنز، جو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے دائرہ کار میں آتی ہیں، کو اپنے ممبر درخواست گزاروں کے کوائف اور وجود سے متعلق پری رجسٹریشن سرٹیفکیشن فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
سیکٹرل ایسوسی ایشن اپنے دستیاب ریکارڈ کی حد تک اس امر کی تصدیق کرسکے گی کہ درخواست گزار متعلقہ مینوفیکچرنگ سرگرمی میں مصروف ہے یا ہونے کا ارادہ رکھتا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے ظاہر کردہ کاروباری مقام یا فیکٹری قابل شناخت ہے، جہاں قابل اطلاق ہو درخواست گزار ایسوسی ایشن کا رکن ہے، مجوزہ مینوفیکچرنگ سرگرمی متعلقہ شعبے سے مطابقت رکھتی ہے اور درخواست گزار کی جانب سے ایسوسی ایشن کو فراہم کردہ کوائف دستیاب ریکارڈ سے جانچے گئے ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق سیکٹرل ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری سرٹیفکیٹ درخواست گزار یا متعلقہ ایسوسی ایشن دیگر دستاویزات کے ساتھ الیکٹرانک طور پر متعلقہ لوکل رجسٹریشن آفس کو فراہم کرے گی۔
یہ سرٹیفکیٹ سہولت کے لیے پری رجسٹریشن تصدیقی معاونت تصور ہوگا اور سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 یا سیلز ٹیکس رولز 2006 کے تحت مقرر کسی قانونی تقاضے کی جگہ نہیں لے گا۔ سرٹیفکیٹ درخواست گزار کو کسی قسم کی چھوٹ، رعایت یا قانونی استثنا بھی فراہم نہیں کرے گا۔
فزیکل ویری فکیشن کے دوران غلط معلومات سامنے آنے کی صورت میں متعلقہ ایسوسی ایشن ذمہ دار ہوگی جنرل آرڈر کے مطابق متعلقہ لوکل رجسٹریشن آفس مینوفیکچرر کے معاملات میں سیلز ٹیکس رولز 2006 کے رول 5(5) کے تحت تین ورکنگ دنوں کے اندر پری فزیکل ویری فکیشن کرے گا۔
تصدیق کا نتیجہ الیکٹرانک طور پر ریکارڈ کیا جائے گا اور اس کے بعد درخواست پر بلاوجہ تاخیر کے بغیر کارروائی کی جائے گی ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ سیلز ٹیکس رجسٹریشن کا عمل خطرے کی بنیاد پر ہی جاری رہے گا اور زیادہ خطرے یا مشکوک درخواستوں کو قانون کے مطابق اضافی جانچ، پری ویری فکیشن، پوسٹ ویری فکیشن یا دیگر تصدیقی اقدامات سے گزارا جاسکے گا۔
کم خطرے کی درجہ بندی ایف بی آر کو بعد میں سامنے آنے والی معلومات کی بنیاد پر دوبارہ تصدیق سے نہیں روکے گی، خصوصاً اگر خطرے، عدم وجود، غلط بیانی، جعلی دستاویزات یا کسی اور بے ضابطگی کی نشاندہی ہو۔
ایف بی آر نے تمام چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو اور کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو جنرل آرڈر پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل