Loading
متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں ایمریٹس، اتحاد ایئرویز، ایئر عربیہ اور فلائی دبئی نے ایک بار پھر اپنی کئی پروازیں منسوخ یا مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈوں پر موسم گرما کی تعطیلات کے اختتام پر مسافروں کی واپسی کے باعث پہلے ہی کافی ہجوم ہے اور ایسے میں پروازوں کی منسوخی یا معطلی سے مزید افراتفری مچ گئی۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن کی ویب سائٹ یا ایپ پر مخصوص پرواز کا تازہ ترین اسٹیٹس ضرور چیک کریں کیونکہ شیڈول میں مختصر نوٹس پر تبدیلی ممکن ہے۔
ایمریٹس نے دبئی سے بحرین جانے والی دو پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ دبئی سے کویت کی پرواز کو بھی مؤخر کیا گیا ہے۔
اتحاد ایئرلائن نے بھی اپنی ایک پرواز معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مسافروں کو خبردار کی ہے کہ علاقائی صورتحال کے باعث کسی بھی وقت آپریشنل تبدیلی ہوسکتی ہے۔
اسی طرح فلائی دبئی کی بحرین جانے والی پرواز کو بھی منسوخ کردیا گیا اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی سے کم از کم چار گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں۔
ایئر عربیہ کی متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین کے درمیان متعدد پروازیں منسوخی یا تاخیر سے متاثر ہوئی ہیں۔
ابوظہبی سے کویت کی اور کویت سے ابوظبی کی پرواز منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ دیگر دو پروازوں کا شیڈول بھی تاحال اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ ابوظہبی سے بحرین جانے والی پرواز کا وقت تبدیل کیا گیا ہے۔
ایئر عربیہ کی شارجہ اور بحرین کے درمیان بھی کئی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ بحرین سے شارجہ آنے والی 4 پروازیں منسوخ کردی گئی جبکہ دیگر متعدد پروازیں روانگی کی منتظر تھیں۔
ایئر عربیہ کی شارجہ سے ابہا اور ابہا سے شارجہ کی دو پروازیں بھی مقررہ وقت تک روانہ نہیں ہوئی تھیں۔
خیال رہے کہ ایئر کینیڈا نے دبئی کے لیے پروازیں جنوری 2027 کے وسط تک معطل رکھی ہیں جبکہ برٹش ایئرویز نے دبئی، تل ابیب، بحرین اور عمان کے لیے پروازیں 25 اکتوبر تک معطل کی ہیں۔
سنگاپور ایئرلائنز کی دبئی پروازیں 24 اکتوبر تک جبکہ کے ایل ایم کی دبئی، ریاض اور دمام کے لیے پروازیں 6 ستمبر تک معطل ہیں۔
فلپائن ایئرلائنز نے دبئی آپریشنز 2 اکتوبر تک معطل رکھے ہیں جبکہ لفتھانزا اور سوئس کی دبئی پروازیں 13 ستمبر تک معطل ہیں۔
ترکش ایئرلائنز نے ابوظبی اور دبئی کے لیے پروازیں بحال کردی ہیں، تاہم ایران کے لیے پروازیں بدستور معطل ہیں۔
واضح رہے کہ ان ایئرلائنز کی جانب سے پروازوں میں تبدیلیاں ایسے وقت میں کی جارہی ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور آبنائے ہرمز میں تجارتی آمدورفت بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل