Loading
پشاور میں شوہر نے مبینہ طور پر اپنے اہل خانہ کی ایما پر ننھے بچوں کی ماں کو سر عام سڑک پر قتل کردیا۔
ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی سربراہی میں ڈی ایس پی ہشتنگری سرکل وارث خان کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنی ہی بیوی کو اپنے ہی گھر کے افراد کی ایماء پر قتل کرنے میں ملوث تمام ملزمان کا چند گھنٹوں میں سراغِ لگا کر گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم زوہیب ولد ارشد حسین نے تھانہ شہید گلفت حسین کی حدود رام پورہ گیٹ میں فائرنگ کرکے اپنی ہی بیوی کو قتل کر دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا جبکہ مقتولہ کے والد نجم اقبال ولد اقبال کی مدعیت میں مقتولہ کے شوہر اور دیگر گھر کے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔
ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور اصل حقائق کو جاننے کی خاطر خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
ڈی ایس پی ہشتنگری سرکل وارث خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ شہید گلفت حسین سلیم خان خلیل نے دیگر نفری پولیس کے ہمراہ بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان مقتولہ کا شوہر زوہیب، بھائی زبیر پسران ارشد حسین، بہن مسماۃ ( ا ) دختر ارشد حسین اور والدہ مسماۃ ( ز) زوجہ ارشد حسین کا چند گھنٹوں کے دوران سراغ لگا کر گرفتار کرلیا۔
مقتولہ کے شوہر کے مطابق ملزمان نے اپنی والدہ، بھائی اور بہن کی ایماء پر اپنی بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا جبکہ قتل کو غیرت کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے ابتدائی بیان دیا کہ اس کی بیوی مسماۃ ( ل) پارٹی گرل تھی جس کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا اعتراف کیا۔
ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل اور واقعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی پولیس تحویل میں لے لی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل