Friday, August 28, 2026
 

کوہستان میگا اسکینڈل؛ نیب کو تحقیقات میں اہم کامیابی

 



قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے کوہستان میگا اسکینڈل کی جاری تحقیقات میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔ پشاور کی احتساب عدالت-III  نے کوہستان کرپشن اسکینڈل کے ملزم حریق شاہ  کی جانب سے دائر پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی، جس کے تحت 40 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری عمل میں آئے گی۔ نیب نے اس پیش رفت کو بدعنوانی کے خلاف جاری کارروائی میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس تازہ ریکوری کے بعد کوہستان کرپشن اسکینڈل میں حتمی طور پر منظور شدہ پلی بارگین اور رضاکارانہ طور پر سرنڈر کیے گئے اثاثہ جات کے ذریعے نیب خیبر پختونخوا کی مجموعی ریکوری 10.5 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ کوہستان کرپشن اسکینڈ میں اب تک ہونے والی ریکوری اور گرفتاریوں کی تفصیلات کے مطابق 44 افرادکو گرفتار کیا گیا اور آج منظور ہونے والی پلی بارگین سمیت حتمی طور پر منظور شدہ پلی بارگین کی مجموعی مالیت 8.84 ارب روپے ہے، سرنڈر کیے گئے اثاثہ جات بشمول بے نامی داروں کے 1.70 ارب روپے مالیت ہے۔ تحقیقات میں مزید اہم پیش رفت کے طور پر نیب خیبر پختونخوا نے تصدیق کی ہے کہ تقریباً 10 ارب روپے مالیت کی متعدد پلی بارگین درخواستیں اس وقت جانچ پڑتال کے حتمی مراحل میں ہیں اور ضابطے کی ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان درخواستوں کو حتمی منظوری کے لیے معزز احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ نیب نے کہا کہ کوہستان میگا اسکینڈل میں اربوں روپے کی ریکوری اور اثاثہ جات کی واپسی نیب خیبر پختونخوا کی بدعنوانی کے خلاف مؤثر کارروائی اور قومی خزانے کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل