Friday, August 28, 2026
 

امریکا میں نئے سال پر بھارتی خاتون کا لرزہ خیز قتل، ملزم 8 ماہ بعد آگرہ سے گرفتار

 



امریکا میں نئے سال کی رات قتل ہونے والی بھارتی نژاد نکھیتا گوڈیشالا کے قتل کے الزام میں مطلوب شخص ارجن شرما کو تقریباً 8 ماہ بعد بھارت سے گرفتار کرلیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 27 سالہ نکھیتا گوڈیشالا امریکا کے شہر ایلی کوٹ سٹی، میری لینڈ میں مقیم تھیں اور 2 جنوری 2026 کو لاپتا قرار دیا گیا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے ان کی لاش میری لینڈ میں واقع ایک اپارٹمنٹ سے برآمد کی تھی۔ خاتون کے جسم پر چاقو کے متعدد زخم تھے۔ تفتیش کے دوران ملنے والے شواہد میں اس لرزہ خیز قتل میں خاتون کے بوائے فرینڈ 26 سالہ ارجن شرما کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ پولیس کے بقول ارجن شرما لڑکی نکھیتا کا سابق بوائے فرینڈ تھا اور دونوں روم میٹ بھی تھے تاہم نکھیتا کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں صرف روم میٹ تھے اور شبہ ہے کہ قتل کی وجہ مالی تنازع تھا۔ نکھیتا کے اہل خانہ نے بتایا کہ ارجن شرما نے گزشتہ برس اگست یا ستمبر کے دوران ملازمت کھونے کے بعد نکھیتا اور ان کے خاندان سے رقم ادھار لی تھی۔ اہل خانہ نے بیان میں مزید کہا کہ نکھیتا کی موت سے قبل بھی ارجن شرما کے ذمے مبینہ طور پر رقم واجب الادا تھی اور امریکا میں دیگر افراد کے ساتھ بھی اس کے مالی معاملات خراب تھے۔ جس امریکی پولیس نے ارجن شرما کے خلاف فرسٹ اور سیکنڈ ڈگری قتل کے الزامات میں گرفتاری کا وارنٹ حاصل کیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ اس نے خاتون کو قتل کرنے کے بعد امریکا سے فرار ہوکر بھارت کا رخ کیا۔ ادھر بھارتی پولیس نے بتایا کہ ارجن شرما کے خلاف اپریل 2026 میں تلنگانہ میں دھوکا دہی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ شرما نے نکھیتا سے رقم لینے کے بعد مبینہ طور پر واپس نہیں کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران ملنے والے کچھ شواہد کی بنیاد پر بھارتی شہر آگرہ کے ایک فلیٹ پر چھاپا مارا گیا جہاں سے دھوکا دہی کے مقدمے میں ارجن شرما کو گرفتار کرلیا گیا۔ دھوکا دہی کا یہ مقدمہ مقتولہ کے والد آنند گوڈیشالا کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد پولیس نے امریکی مقدمے سے متعلق معلومات مرکزی حکام کو فراہم کیں کیونکہ شرما کے خلاف امریکا میں پہلے ہی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکا تھا۔ بعد ازاں مرکزی ایجنسیوں نے شرما کو نئی دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے 25 اگست کو اسے قتل کے مقدمے میں عدالتی تحویل میں دے دیا۔ میری لینڈ کے ہاورڈ کاؤنٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ اسے بین الاقوامی حکام کی جانب سے شرما کی بھارت میں گرفتاری سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ امریکی حکام کو توقع ہے کہ اسے مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے امریکا کے حوالے کیا جائے گا تاہم اس کی حوالگی کے لیے کوئی حتمی ٹائم لائن نہیں بتائی گئی۔ نکھیتا تقریباً چار سال سے امریکا میں مقیم تھیں اور وہاں ڈیٹا و اسٹریٹیجی اینالسٹ کے طور پر کام کررہی تھیں۔ حیدرآباد میں مقیم ان کے اہل خانہ نے ارجن شرما کی گرفتاری کو کیس میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل