Saturday, August 29, 2026
 

راولپنڈی میں سی سی ڈی سے مقابلے میں 30 سے زائد مقدمات میں مطلوب ملزم ہلاک

 



راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ پر سی سی ڈی اہلکاروں اور مبینہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر عدنان مارا گیا، جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے۔ سی سی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم راولپنڈی اور اسلام آباد میں قتل، ٹارگٹ کلنگ اور بینک وین لوٹنے سمیت 30 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ سی سی ڈی ذرائع کے مطابق اڈیالہ روڈ پر چیکنگ کے دوران چار مبینہ ملزمان نے سی سی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے بعد جوابی فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران انتہائی مطلوب ملزم عدنان مارا گیا، جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم قتل، ٹارگٹ کلنگ اور ڈکیتی کی متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ملزم پر بینک وین لوٹنے کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے کا بھی الزام تھا۔ سی سی ڈی ذرائع کے مطابق عدنان نے گزشتہ سال کہوٹہ میں مبینہ ٹارگٹ کلنگ کے دوران چار افراد کو قتل کیا تھا جبکہ وہ کرپا کے علاقے میں دو سگے بھائیوں کے قتل کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کے خلاف راولپنڈی اور اسلام آباد میں 30 سے زائد مقدمات درج تھے۔ واقعے کے بعد فرار ہونے والے تین ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل