Loading
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک میں قومی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے ایسی تمام سرگرمیوں اور بیانات سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جو عوامی حوصلے کو کمزور یا معاشرتی یکجہتی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے تحریری پیغام میں حکومت سے کہا کہ مایوسی پھیلانے والے بیانات سے اجتناب کیا جانا چاہیے۔
انھوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والی کوئی بھی سرگرمی ممنوع ہے۔ ملک کے مختلف شعبوں میں اقدامات کرتے ہوئے قومی یکجہتی اور عوامی اتحاد کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔
حکومت کی کارکردگی کو سراہا
مجتبیٰ خامنہ ای نے صدر مسعود پزیشکیان کی حکومت کی جانب سے بنیادی اشیائے ضروریہ اور عوامی خدمات کی فراہمی، متاثرہ علاقوں کی بحالی اور توانائی کے وسائل کے انتظام کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ایسے وقت کیے گئے جب ایران کو پابندیوں، اقتصادی دباؤ اور جنگ کے باعث متعدد مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو ملک کی موجودہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی ضروریات پوری کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔
مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے کی ہدایت
ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے حل پر خصوصی توجہ دے۔
انھوں نے مہنگائی، بے روزگاری، اشیا کی قیمتوں اور مارکیٹ میں طلب و رسد کے مسائل کو اہم چیلنجز قرار دیتے ہوئے سرمایہ کاری بڑھانے، ملکی پیداوار کو فروغ دینے اور معیشت کے مختلف شعبوں کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کو ایسے شعبوں میں منتقل کیا جانا چاہیے جو ملک کی حقیقی ضروریات پوری کریں اور معاشی ترقی میں مددگار ثابت ہوں۔
ڈالر پر انحصار کم کرنے پر زور
مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت کو ایرانی معیشت میں امریکی ڈالر کے کردار کو بتدریج کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل کا ایک اہم حل مقامی پیداوار پر زیادہ انحصار ہے۔
ان کے بقول ضروری اشیا کی فراہمی کے لیے درآمدات کا استعمال ضرورت اور دانش مندی کے ساتھ کیا جائے جبکہ جہاں ممکن ہو وہاں ملکی پیداوار کو ترجیح دی جائے۔
انھوں نے معاشی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافے اور پیداوار کو متحرک کرنے کو ایران کی معاشی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا اور مزاحمتی معیشت کی پالیسیوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
دشمن کے بیانیے سے محتاط رہنے کی ہدایت
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ دشمن کے اقدامات اگرچہ ایران پر اثرانداز ہوتے ہیں تاہم بہتر انتظام، ملکی وسائل پر انحصار اور عوامی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک معاشی ترقی اور خوشحالی کی جانب آگے بڑھ سکتا ہے۔
انہوں نے حکام کو مشورہ دیا کہ ملکی کمزوریوں کو اس انداز میں پیش کرنے سے گریز کیا جائے جس سے عوامی حوصلہ متاثر ہو یا مخالفین کو فائدہ پہنچے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں ایران کی طاقت، عوامی اتحاد اور دستیاب صلاحیتوں کو نمایاں کرنا زیادہ اہم ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کا یہ پیغام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران کو امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ، شدید اقتصادی پابندیوں، توانائی اور ایندھن کے مسائل اور آبنائے ہرمز میں تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں کمی جیسے متعدد دباؤ کا سامنا ہے۔
ایرانی قیادت کی جانب سے سماجی اتحاد، ملکی پیداوار اور معاشی خود انحصاری پر زور کو موجودہ جنگی اور اقتصادی دباؤ کے دوران اندرونی استحکام برقرار رکھنے کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل