Loading
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق سوشل میڈیا پر برسوں سے ایک بیان گردش کر رہا ہے جس میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ان کی والدہ نے ان کو ’بے وقوف اور عقل سے پیدل‘ قرار دیا تھا۔
یہ دعویٰ غلط ہے۔ تازہ تحقیق کے مطابق اس دعوے کی حمایت میں کوئی قابلِ اعتماد ثبوت نہیں ملا۔
وائرل دعویٰ کیا ہے؟
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ کی والدہ میری این ٹرمپ نے انہیں کم عقل قرار دیا تھا۔
پوسٹ میں ان سے منسلک ایک بیان شیئر کیا جا رہا ہے جس میں وہ ٹرمپ کے بارے میں کہہ رہی ہیں کہ ’’یہ بے وقوف ہے، اس میں عقل اور سماجی مہارت نہیں، لیکن وہ میرا بیٹا ہے تو اب کیا کر سکتے ہیں۔ مجھے بس امید ہے کہ وہ کبھی سیاست میں نہ آئے ورنہ وہ تباہی ثابت ہو گا۔‘‘
Mother knows best! #TrumpIsALaughingStock pic.twitter.com/HSmMjIVKWN
— Robert Cooper ???? (@RobertCooper58) August 15, 2024
یہ مبینہ بیان کم از کم 2019 سے انٹرنیٹ پر گردش کر رہا ہے اور اگست 2026 میں ایک مرتبہ پھر وائرل ہوا۔
تحقیق سے ثابت ہوا کہ یہ دعویٰ غلط ہے:
ایک معروف فیکٹ چیکنگ ویب سائٹ اسنوپس کے مطابق 2019 سے متعدد مرتبہ اس بیان کی حقیقت جاننے کی کوشش کی گئی لیکن ایسا کوئی قابلِ اعتماد ریکارڈ نہیں ملا جس سے ثابت ہو کہ ٹرمپ کی والدہ نے کبھی یہ الفاظ کہے تھے۔
اس مبینہ بیان کے مختلف حصوں کو اخبارات اور رسائل کے ڈیجیٹل آرکائیوز، گوگل بکس اور انٹرنیٹ آرکائوز سمیت متعدد ذرائع میں تلاش کیا گیا لیکن کسی مستند اشاعت میں اس کا سراغ نہیں ملا۔
اس سے قبل ریوٹرز اور پولیٹی فیکٹ بھی اس دعوے کی جانچ کر چکے ہیں اور دونوں کو اس بیان کے حقیقی ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
وائرل دعوے کے ساتھ ایک ایسا اخباری تراشہ بھی شیئر کیا جاتا رہا ہے جس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی والدہ کی تصویر کے ساتھ یہی بیان درج ہے مگر مذکورہ تراشے پر نہ اخبار کا نام موجود ہے اور نہ ہی اشاعت کی تاریخ جبکہ تحقیق میں کسی حقیقی اخبار یا میگزین میں اس تصویر کے ساتھ یہ بیان شائع ہونے کا ریکارڈ بھی نہیں ملا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ تراشے میں استعمال ہونے والی ٹرمپ اور ان کی والدہ کی تصویر حقیقی ہے اور 2016 میں دی نیویورکر میں بھی شائع ہوئی تھی مگر تصویر کا حقیقی ہونا اس کے ساتھ منسوب بیان کو مستند ثابت نہیں کرتا۔
نتیجہ:
دستیاب شواہد کی بنیاد پر اس بات کا کوئی قابلِ اعتماد ثبوت موجود نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی والدہ نے انہیں ’بے وقوف اور عقل سے پیدل‘ کہا یا سیاست میں آنے کی صورت میں ’تباہی‘ کی پیشگوئی کی تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل