Loading
کلفٹن کے علاقے اپرگزری میں مبینہ طورپرتیزاب گردی واقعہ پیش آیا ہےنامعلوم ملزم مبینہ طورگھریلوملازمہ پرتیزاب پھینک کرفرارہوگیا،جس کے نتیجے میں گھریلوملازمہ جھلس کرزخمی ہوگئی ،وزیراعلیٰ سندھ اورداخلہ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اورواقعے میں ملوث ملزم کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق کلفٹن تھانے کے علاقے اپرگزری میں مبینہ طور پر تیزاب گردی واقعہ پیش آیا ہے نامعلوم ملزم مبینہ طور پر خاتون پرتیزاب پھینک کرفرارہوگیا جس کے باعث خاتون جھلس کر زخمی ہو گئی۔
متاثرہ خاتون کو فوری طور پرایدھی ایمبولنس کے ذریعے سول برنس سینٹرمنتقل کردیا گیا ،متاثرہ خاتون کی شناخت35 سالہ ممتاز زوجہ دہراج کے نام سے کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پرپہنچ گئی اورپولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کوطلب کرلیا۔
ایس ایس پی مہزور علی نے ایکسپریس کو بتایاکہ متاثرہ خاتون گھریلو ملازمہ ہے اوراس کا آبائی تعلق بہاولپورسے ہے، متاثرہ خاتون کے شوہر نے دو شادیاں کی ہوئی ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ خاتون سیلانی کے دستر خوان پرکھانا کھایا کرتی ہے متاثرہ خاتون ایک فلیٹ میں کام کرنے کے بعد کھانا کھانے جا رہی تھی، فلیٹ کی سیڑھیوں کے پاس کھڑے شخص نے خاتون پر مبینہ طور پر تیزاب پھینکا اور فرارپیدل ہو گیا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس کو تیزاب کی ایک بوتل فلیٹ کی سیڑھیوں کے پاس سے مل گئی ہے جسے کرائم سین یونٹ کے حوالے کردیا گیا۔
انھوں نے بتایا کہ شبہ ہے کہ تیزاب پھینکنے والا ملزم خود بھی تیزاب سے جھلسا ہے اور ملزم علاقے سے پیدل فرار ہوا ہے، ایک عینی شاہد نے پولیس کو بتایاکہ ملزم نے علاقے کی ایک بزرگ خاتون سے پانی بھی مانگا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ پولیس نے متاثرہ خاتون کا ابتدائی بیان قلمبند کرلیاہے اورمتاثرہ خاتون نے بتایا کہ وہ تیزاب پھنکنے والے کو نہیں جانتی تاہم سامنے آنے پر اسے شناخت کر سکتی ہیں۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس واقعے کی سی سی ٹی وی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ملزم کی گرفتاری کو یقینی بنایا جاسکے۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اورداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجارگزری میں خاتون پر تیزاب گردی کے واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار اورشدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی دلخراش اوردرندانہ ہے جو ناقابل برداشت اور معافی ہے۔
انھوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ خاتون کو مکمل اوربہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے میں ملزم کو فوری گرفتار کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ساؤتھ سے واقعے کی فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
انھوِں نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ملزم کو قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔
وزیر داحلہ نے کہا کہ تیزاب گردی کے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے حقائق فوری سامنے لائے جائیں، متاثرہ خاتون کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات اور مکمل طبی امداد فراہم کی جائے، متاثرہ خاتون اور اہلخانہ کو ہرممکن قانونی و انتظامی معاونت فراہم کی جائے۔
واقعے کے محرکات اورپسِ پردہ عناصر کا بھی سراغ لگایا جائے،ان کا کہنا تھا کہ تیزاب گردی جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے۔
ایس ایس پی ساؤتھ واقعے کی تفتیش کی خود نگرانی کریں اور پیش رفت سے آگاہ رکھیں، ملزم کی گرفتاری میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی، متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی تقاضے بروقت مکمل کیے جائیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل