Loading
پنجاب حکومت نے صوبے میں ماحولیاتی خلاف ورزیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کی گزشتہ ایک سال کے دوران ماحولیاتی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیلڈ مانیٹرنگ پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، اقدامات کی وجہ سے ماحولیاتی قوانین اور ضابطوں پر عملدرآمد سے صورتحال میں نمایاں بہتری ہوئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
بریفنگ کے مطابق گزشتہ ستمبر میں 68 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، 58 صنعتی یونٹس کی ماحولیاتی نگرانی کی گئی، ماحولیاتی ضابطوں اور قوانین کی خلاف ورزی پر 18 یونٹس کو نوٹس جاری کئے گئے اور 4 یونٹس سیل کئے گئے، 30 تعمیراتی مقامات کے معائنوں کے دوران خلاف ورزی پر 6 مقامات سیل کئے گئے۔ سنگل یوز پلاسٹک اور پولی تھین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 314 انسپیکشنز کی گئیں، 36 مقامات سیل اور 44 کلوگرام پلاسٹک اشیاء ضبط کی گئیں۔
گاڑیوں کے مضر دھوئیں پر قابو پانے کے لیے بھی سخت کارروائی کی گئی، 10 گاڑیاں تحویل میں کی گئیں، 24 چالان اور 24 گاڑیاں سیل کر دی گئیں۔ لاہورمیں 20 سروس اسٹیشنز کو ماحولیاتی قوانین پر مکمل عملدرآمد کرتے پایا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل