Loading
بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے مقبول رئیلٹی شو ’بگ باس 20‘ کی شوٹنگ کا آغاز کردیا ہے، جبکہ گرینڈ پریمیئر کے لیے ان کا پہلا انداز بھی سامنے آگیا ہے۔ سیٹ سے جاری ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں اداکار اپنے روایتی دبنگ انداز میں دکھائی دے رہے ہیں۔
سلمان خان نے شو کی شوٹنگ کے موقع پر کاؤ بوائے ہیٹ، ہاف جیکٹ، ٹی شرٹ اور جینز پہن رکھی تھی، جس میں وہ خاصے اسٹائلش نظر آئے۔ اداکار نے سیٹ پر تصاویر کے لیے پوز دیے اور وہاں موجود پاپارازی کے ساتھ بھی تصاویر بنوائیں، جبکہ ان کی ویڈیوز میں بھی مخصوص دبنگ اسٹائل نمایاں رہا۔
دوسری جانب ’بگ باس 20‘ کے نئے گھر کی جھلکیاں بھی ناظرین کے لیے جاری کردی گئی ہیں۔ نئے گھر کے ڈیزائن میں جدید طرز اور تصوراتی انداز کو یکجا کیا گیا ہے، جبکہ اس کی سجاوٹ خاص طور پر ’ایلس ان ونڈر لینڈ‘ سے متاثر دکھائی دیتی ہے۔
گھر میں شارک تھیم پر مبنی سوئمنگ پول کے ساتھ ایک دیوہیکل گلابی چائے دانی بھی موجود ہے، جسے صوفے کی شکل دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گرم ہوا کے غبارے کو بھی بیٹھنے کی جگہ کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ نئے گھر میں دو خفیہ کمرے بھی رکھے گئے ہیں، جبکہ 104 کیمرے چوبیس گھنٹے شرکاء کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں گے۔
اس سیزن میں ممکنہ طور پر ٹیلی ویژن اداکاروں، رئیلٹی شو سے وابستہ شخصیات، سوشل میڈیا کریئیٹرز اور علاقائی شوبز اسٹارز کو شامل کیا جائے گا۔ اگرچہ شرکاء کی مکمل فہرست کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں ہوا، تاہم کئی معروف ناموں کے شو میں شامل ہونے کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔
ممکنہ شرکاء میں ریئلٹی ٹی وی پرسنالٹی کشال تنور عرف گلو، قاضی توقیر اور ریپر ینگ ڈی ایس اے شامل ہیں، جنہیں ’ییڈا ینگ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ان کے علاوہ ٹیلی ویژن اداکاروں ماہی وج، خوشی دوبے اور امان گاندھی کے نام بھی زیرِ گردش ہیں۔
دیگر ممکنہ شرکاء میں بھوجپوری اداکارہ امرپالی دوبے، گیتا بسرا، ادیتی سنگھ، بالی ووڈ اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان، روہید خان، رحیا آہر، لوو گل اور ریتی تیواڑی کے نام بھی شامل کیے جارہے ہیں۔
’بگ باس 20‘ کا نیا سیزن 6 ستمبر 2026 کو گرینڈ پریمیئر کے ساتھ شروع ہوگا اور سلمان خان ایک مرتبہ پھر شو کی میزبانی کی ذمے داری سنبھالیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل