Saturday, September 05, 2026
 

سندھ کو پی پی پی کی سیاسی جاگیر قرار دینے کا بیانیہ عوام نے یکسر مسترد کر دیاہے، سہیل آفریدی

 



خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو لانگ مارچ کی کال عمران خان یا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیے نہیں ہے بلکہ ہر پاکستانی کے حقوق کے لیے ہے جبکہ سندھ کو دہائیوں سے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی سیاسی جاگیر قرار دینے کا بیانیہ عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے دورہ سندھ کے تیسرے روز نواب شاہ، سانگھڑ، میرپور خاص اور عمر کوٹ میں 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اسٹریٹ موومنٹ ریلیوں اور عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کا جوش و جذبہ بتا رہا ہے کہ سندھ کا سیاسی منظرنامہ بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے سندھ کو پیپلز پارٹی کی سیاسی جاگیر قرار دینے کا بیانیہ نواب شاہ سمیت تمام اضلاع کے عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے، شدید گرمی میں سندھ کے عوام کا جوش وجذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ میں عمران خان کی حمایت غیر معمولی سطح پر موجود ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ کس کا ہے؟ عوام نے عمران خان کا نعرہ لگا کر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ پر کئی دہائیوں سے قائم سیاسی اجارہ داری کا تاثر آج عوامی طاقت کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری ماضی بن چکے ہیں اور خاندانی سیاست کا دور ختم ہونے جا رہا ہے، قیادت عوام کے درمیان سے جنم لیتی ہے جبکہ پیراشوٹ سے اترنے والے لیڈر نہیں بن سکتے۔ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کتنی بھی دھاندلی کی جائے کسی کا باپ بھی پاکستان تحریک انصاف کو نہیں ہرا سکتا، ہم عوام سے آئے ہیں عوام ہی میں واپس جائیں گے، ہمارے بیرون ملک فلیٹس یا جزیرے نہیں ہیں، یہ حکمران جس نام اور تصویر سے خوف زدہ ہیں وہ پاکستان اور عام پاکستانی کی بات کرتا ہے، عوام کی بات کرتا ہے، ہماری آئندہ نسلوں کے مستقبل کی بات کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو لوگ ہر مخالف کو دہشت گرد اور ریاست دشمن قرار دیتے ہیں وہ ہر روز عوام میں اپنی ساکھ کھو رہے ہیں، فاشسٹ حکمران عوام کا پیسہ لوٹ کر ایون فیلڈ اور دبئی میں فلیٹس اور بیرون ملک جزیرے خریدتے ہیں، پاکستانی عوام کے پیسے سے بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں نے ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے لیے 2022 میں اندرونی غداروں کی پشت پناہی سے رجیم چینج آپریشن کیا گیا، جس کے بعد 43 ہزار ارب روپے کا قرض آج 97 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، اور اس بوجھ کی قیمت محنت کش پاکستانی ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر کی کال عمران خان یا پی ٹی آئی کے لیے نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے اپنے حقوق کے لیے ہے، اب قوم کو اپنے حقوق کے لیے باہر نکلنا ہوگا، 27 ستمبر کو سندھ سمیت پورا پاکستان اپنے حقوق کے لیے کھڑا ہوگا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ فاشسٹ طاقتوں کا وطیرہ ہے کہ اپنے حقوق مانگنے والوں پر گولیاں چلاتی ہیں، مگر کیا عوام گولیوں سے ڈریں گے؟ گولیاں، جیلیں اور ظلم عوام کے جوش و جنون کو شکست نہیں دے سکتے، 27 ستمبر کو فیصلہ ہوگا کہ پاکستان خاندانی سیاست کے تابع رہے گا یا عوام اپنے حقوق واپس لیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل