Loading
حکومت سندھ کے ترجمان گنہور خان اسران نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سندھ کی فکر چھوڑیں اور پہلے خیبرپختونخوا (کے پی) کو دہشت گردوں سے بچائیں جہاں 6 ماہ میں 475 ہلاکتیں اور 180 شہری زخمی ہوئے مگر وزیراعلیٰ کی ترجیح عوام کے بجائے عمران خان ہیں۔
ترجمان حکومت سندھ گنہور خان اسران نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا جل رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سندھ میں سیاسی تماشے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی سندھ کی فکر چھوڑیں، پہلے خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں سے بچائیں، سندھ میں آکر پیپلز پارٹی کے خاتمے کے دعوے کرنے کے بجائے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے صوبے کا حساب دیں۔
گنہور خان اسران نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے مگر وزیر اعلیٰ سیاسی تماشے میں مصروف ہیں، عوام جنازے اٹھا رہے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا عمران خان کی رہائی کا ایجنڈا اٹھائے سندھ پہنچے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 6 ماہ میں 475 ہلاکتیں اور 180 افراد زخمی ہوئے مگر وزیراعلیٰ کی ترجیح عوام نہیں، عمران خان ہیں، 156 پولیس اہلکار شہید ہوئے مگر وزیراعلیٰ کو شہدا سے زیادہ بانی پی ٹی آئی کی فکر ہے۔
ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک اور باجوڑ دہشت گردی کی زد میں ہیں، اہلکار دہشت گردی سے نبرد آزما ہیں مگر وزیر اعلیٰ موجود نہیں، سندھ میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے خیبرپختونخوا کی دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کو فتح کرنے کے خواب دیکھنے سے پہلے پی ٹی آئی اپنے صوبے کو سنبھالے، وزیراعلیٰ کا منصب کسی سیاسی جماعت کی احتجاجی مہم کا عہدہ نہیں ہوتا، سہیل آفریدی پہلے خیبرپختونخوا میں امن قائم کریں، پھر سندھ کو سیاست کا درس دیں۔
گنہور خان اسران نے کہا کہ عمران خان کی رہائی نہیں، خیبرپختونخوا کے عوام کی زندگی وزیراعلیٰ کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل