Sunday, September 06, 2026
 

اسموگ سے قبل ریسٹورنٹس اور میرج ہالز کے خلاف کریک ڈاؤن، 554 کمرشل کچن سیل

 



اسموگ سیزن سے قبل پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) نے ریسٹورنٹس، میرج ہالز اور دیگر کمرشل فوڈ پوائنٹس سے اٹھنے والے دھویں اور کچن کے اخراج کو کنٹرول کرنے کے لیے کریک ڈاؤن تیز کردیا، 554 کمرشل کچن سیل جبکہ صوبے بھر میں 1,875 کمرشل کوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی کرلی گئی۔ ای پی اے کے مطابق کارروائی کے دوران اب تک 1,363 کمرشل کوکنگ پوائنٹس کا معائنہ کیا جاچکا ہے۔ ریسٹورنٹس، میرج ہالز اور دیگر فوڈ بزنسز کو کچن کے دھویں، fumes اور دیگر اخراج کو ماحول میں براہ راست خارج ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر سکشن ہڈ سسٹم نصب کرنے اور اسے فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ای پی اے کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ نئیر شیخ نے فیلڈ افسران کو کمرشل کچن کی انسپکشن مزید تیز کرنے اور ماحولیاتی تقاضوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے کمرشل اداروں کو قواعد نظرانداز کرکے کام جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سیکریٹری ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی سلوت سعید نے بھی اسموگ سے قبل آلودگی کے ذرائع پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کے مطابق کمرشل کچن کے اخراج کو منبع پر کنٹرول کرنا حکومت کی پری سموگ حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ میں سب سے زیادہ 500 کمرشل کوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی ہوئی ہے، راولپنڈی میں 250، فیصل آباد میں 135 اور ملتان میں 120 کچن کی نشاندہی کی گئی۔ ٹیکسلا راولپنڈی میں 70، شیخوپورہ 66، ٹوبہ ٹیک سنگھ 62، ننکانہ صاحب 53، چکوال 48، پاکپتن 47، قصور 45 اور جھنگ میں 42 کمرشل کوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ای پی اے کے ترجمان ساجد بشیر نے بتایا کہ کمرشل کچن سے دھویں اور دیگر اخراج کو بغیر کسی کنٹرول کے فضا میں خارج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق سکشن ہڈ مہم پری سموگ اقدامات کا اہم حصہ ہے اور فیلڈ ٹیمیں ریسٹورنٹس، میرج ہالز اور دیگر کمرشل فوڈ پوائنٹس کی مسلسل چیکنگ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تقاضوں کی خلاف ورزی پر کارروائی جاری رہے گی اور مقصد سموگ سیزن شروع ہونے سے پہلے کمرشل کچن کے اخراج کو کنٹرول کرنا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل