Tuesday, September 08, 2026
 

پنجاب میں بیوی کو قتل کرنیوالا شوہر پہلی بیوی، بیٹے اور ہم زلف سمیت کراچی سے گرفتار

 



گجر پورہ کے علاقے میں بیوی کو قتل کرنے والا سفاک شوہر ساتھی ملزمان سمیت کراچی سے گرفتار کرلیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے خاتون کے قتل کی بڑی واردات کا نوٹس لیا تھا، جس پر ایس پی انویسٹی گیشن سول لائن کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ گجر پورہ نے پولیس ٹیم کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو کراچی سے گرفتار کرلیا اور آلہ قتل پسٹل بھی برآمد کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم، اس کی پہلی بیوی، بیٹا اور ہم زلف شامل ہیں۔ مقتولہ بشریٰ بی بی مرکزی ملزم کی تیسری بیوی تھی، جسے گھریلو ناچاکی کی بنا پر ساتھی ملزمان کے ساتھ مل کر فائرنگ کرکے بےدردی سے قتل کردیا گیا تھا۔ انچارج انویسٹی گیشن گجر پورہ کے مطابق ملزمان قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ ایس پی انویسٹی گیشن سول لائن کے مطابق ملزمان کو پیشہ وارانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ ملزمان اب پولیس کی گرفت میں ہیں، مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ خواتین کو قتل کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ سید ذیشان رضا نے کہا کہ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی طرف سے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل