Loading
سرجانی ٹاؤن میں پانی کی ٹنکی سے ڈھائی ماہ کی کمسن بچی کی لاش ملنے کے واقعے کا معمہ حل ہوگیا پولیس نے بچی کے چچا کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق بدھ کی صبح سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7 بی میں ایک گھر کی پانی کی ٹنکی سے ڈھائی ماہ کی نور فاطمہ کی لاش ملی تھی۔
پولیس نے اطلاع ملنے کے بعد بچی کے والدین سے تفتیش کی جس کے دوران واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔ پولیس نے بچی کے چچا محمد حماد ولد جاوید افضل کو مرکزی ملزم کے طور پر گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزم نے گھریلو لڑائی جھگڑے اور ذاتی وجوہات کی بنا پر معصوم بچی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق بچی کی پیدائش کے بعد سے اس کے والد اور چچا کے درمیان یہ تنازع چل رہا تھا کہ بچی کس کی اولاد ہے۔
تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ بچی کی والدہ اور اس کے دیور محمد حماد کے درمیان مبینہ تعلقات تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے اور دیور سے تعلقات کا اعتراف بھی کیا ہے، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق مرکزی ملزم کے علاوہ بچی کے والدین سے بھی تفتیش جاری ہے۔ واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ سرجانی میں درج کیا جا رہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل