Loading
کورنگی صنعتی ایریا میں ملیر ندی کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ضلع کورنگی کی شاہین فورس نے تھانہ کورنگی صنعتی ایریا کی حدود میں کاز وے روڈ، ملیر ندی کے قریب ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا۔ دونوں جانب سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم مارا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت ایوب برمی عرف جھنڈو کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کے مطابق ملزم مبینہ طور پر جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا اور اس کی ڈکیتیوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم چند روز قبل کورنگی کراسنگ میں پولیس کانسٹیبل اویس تنولی پر فائرنگ کے واقعے میں بھی ملوث تھا۔ کانسٹیبل اویس تنولی شدید زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول اور چھینے گئے 2 موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں جبکہ اس کے خلاف متعدد مقدمات پر مشتمل مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے، جس کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں مزید تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل