Thursday, September 10, 2026
 

کچے کے علاقے میں پولیس فورس بڑھانے کا بڑا فیصلہ، رحیم یار خان اور راجن پور میں نئی بھرتیوں کی منظوری

 



لاہور میں کچے کے علاقے میں پولیس فورس بڑھانے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے رحیم یار خان اور راجن پور میں نئی بھرتیوں کی منظوری دے دی گئی۔ مراسلے کے مطابق کچے کے آپریشن کے بعد 600 سے زائد خطرناک ملزمان نے ہتھیار ڈال دیے، جبکہ کچے کے علاقوں میں امن قائم رکھنے کے لیے 34 نئی پولیس پوسٹس بنانے کا منصوبہ ہے۔ مراسلے کے مطابق رحیم یار خان اور راجن پور میں 3 نئے تھانے اور 16 پولیس پوسٹس بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔ رحیم یار خان میں 333 آسامیاں خالی ہیں، جن پر مقامی افراد کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ رحیم یار خان میں 750 نئی پولیس آسامیوں کی بھی منظوری دی گئی ہے اور دو سال میں مکمل بھرتی ہوگی۔ مراسلے میں پولیس کی کمی پوری کرنے کے لیے مقامی افراد کو بھرتی کرنے پر زور دیا گیا ہے، جبکہ راجن پور میں بھی 750 نئی سیٹوں کی منظوری دی گئی ہے، جس سے پولیس فورس میں اضافہ ہوگا۔ مراسلے کے مطابق کچے کے علاقے میں باہر کے اہلکاروں کی تعیناتی کو غیر مؤثر قرار دیا گیا ہے۔ مقامی حالات سے ناواقف اہلکاروں کی وجہ سے پولیس کی کارکردگی متاثر ہونے کا انکشاف بھی کیا گیا ہے۔ راجن پور کی تحصیل روجھان میں پولیس میں نمائندگی کم ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، جبکہ تحصیل جام پور کے امیدواروں کا پولیس میں زیادہ حصہ ہے اور روجھان کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ مقامی سطح پر بھرتیوں کے ذریعے کچے کے علاقے میں امن مزید بہتر بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل