Friday, September 11, 2026
 

پی ایف ایف نے فیفا کے تعاون سے فٹبال فار اسکول پروگرام شروع کر دیا

 



پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا کے تعاون سے ملک میں گراس روٹس فٹبال کے فروغ اور نئی نسل کو کھیل کے میدان سے جوڑنے کے لیے فٹبال فار اسکول پروگرام شروع کردیا جس کے تحت 30 لاکھ اسکول طلبا کو فٹبال کی سہولت فراہم کرنے اور تین ہزار سے زائد سرکاری اسکولوں میں ایک لاکھ 62 ہزار فٹبالز تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں فیفا فٹبال فار اسکول پروگرام کے منیجر انتونیو سانشیز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں گراس روٹس سطح پر فٹبال کے فروغ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ہمارا مقصد فٹبال کو اسکول لیول پر فروغ دینا اور اسکولوں میں باقاعدہ مقابلوں کا انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال ٹیلنٹ یا نوجوانوں کی کمی نہیں، ضرورت صرف انہیں مناسب مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ محسن گیلانی نے بتایا کہ 50 سے زائد سرکاری اساتذہ کو فٹبال سے متعلق تربیت دی جاچکی ہے جبکہ دنیا بھر سے کوچز کو پاکستان لایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی فٹبال ٹریننگ فراہم کی جاسکے۔ محسن گیلانی نے مزید بتایا کہ فیفا کے ساتھ مل کر فٹبال سینٹر آف ایکسیلنس بھی لانچ کیا جارہا ہے جو بین الاقوامی معیار کا ہوگا اور اس میں دو فٹبال پچز تعمیر کی جائیں گی۔ اس موقع پر فیفا فٹبال فار اسکول پروگرام کے منیجر انتونیو سانشیز نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کی ابھی شروعات ہوئی ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن بہتر کام کررہی ہے اور فیفا اس منصوبے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انتونیو سانشیز نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں فٹبال کا ٹیلنٹ موجود ہوسکتا ہے۔ پاکستان میں بھی ٹیلنٹ کی کمی نہیں، صرف نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہنچنے کے چند ہی دنوں میں انہیں ملک میں فٹبال کے حوالے سے بے پناہ جوش و خروش محسوس ہوا ہے۔ فیفا ہر بچے کو فٹبال کھیلتا دیکھنا چاہتی ہے اور پاکستان میں ہر لڑکی کو بھی فٹبال میں آگے آنے کا موقع فراہم کرنا اس پروگرام کا اہم مقصد ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل