Loading
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں نالہ لئی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صفائی، نگرانی اور فلیش فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں نالہ لئی کے لیے خصوصی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ 9 کلومیٹر کے گنجان آباد علاقے میں مؤثر پٹرولنگ سسٹم قائم کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے ہدایت کی کہ نالہ لئی میں صفائی کے بعد دوبارہ کوڑا کرکٹ پھینکنے یا ڈمپنگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
انہوں نے واسا کو ہدایت کی کہ اپنے وسائل سے خصوصی فورس تشکیل دے کر جلد پٹرولنگ شروع کرے، جبکہ نالہ لئی کی صفائی، بحالی اور حفاظت کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ نالہ لئی کے اطراف مستقل صفائی اور نگرانی کا نظام قائم کیا جائے اور اس عمل میں مقامی افراد، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کو بھی شامل کیا جائے۔
کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے بریفنگ میں بتایا کہ نالہ لئی میں کچرا پھینکنے والوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نشاندہی کر کے فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ مختلف مقامات پر نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نالہ لئی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ اور کنٹرول روم قائم کیا جائے گا اور فلیش فلڈنگ کی مانیٹرنگ اور بروقت الرٹ کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانی کے بہاؤ، گاد اور دیگر رکاوٹوں کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا اور فلیش فلڈنگ کے خطرات کم کرنے کے لیے ماہرین کی مشاورت سے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل