Loading
گوجرانوالہ میں مختلف علاقوں میں پولیس کے 4 مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران ایک ریکارڈ یافتہ سفاک ملزم ہلاک جبکہ 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
تھانہ کینٹ پولیس کے مطابق 9 سالہ کمسن بچی سے زیادتی کرنے والا ملزم عبدالرحمان اپنے نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ملزم کمسن بچوں سے زیادتی اور راہزنی کے مقدمات میں بھی ریکارڈ یافتہ تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم عبدالرحمان تھانہ کینٹ میں جنسی زیادتی کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر تھا، جسے 2 نامعلوم ساتھیوں نے دورانِ برآمدگی پولیس حراست سے چھڑوا لیا تھا، تاہم دونوں ساتھی فرار ہوگئے۔
تھانہ سٹی وزیرآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راہزنی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب ملزم اسد نوید کو گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہوتے ہوئے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے 29 ہزار روپے نقدی، ناجائز اسلحہ اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس مقابلے میں ریکارڈ یافتہ موٹرسائیکل چور علی رضا کو پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے کمسن بچی کو نازیبا ویڈیوز دکھانے کے مقدمے میں ملوث ملزم ابرار کو پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم جسمانی ریمانڈ پر تھا اور اسے برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او کینٹ کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا کہ پُرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی بیخ کنی ناگزیر ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل