Sunday, September 13, 2026
 

جماعت اسلامی سے پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات، حکومت نے مزید مہلت مانگ لی

 



وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ کرکے مذاکرات کے تیسرے دور کے لیے مزید ایک روز کی مہلت مانگ لی۔ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کا تیسرا دور پیر کو ہونا تھا، تاہم اب وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش پر مذاکرات منگل کو ہوں گے۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کے مطابق احسن اقبال نے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا کہ وزیراعظم پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات منگل کو کرنا چاہتے ہیں۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت نے جماعت اسلامی سے مذاکرات کے لیے ایک جبکہ پیٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز کے معاملات پر دو کمیٹیاں قائم کر رکھی ہیں۔ پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات منگل جبکہ آئی پی پیز کے معاملے پر مذاکرات بدھ کو ہوں گے۔ دوسری جانب جماعت اسلامی نے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں پی پی 169 کی سیاسی کونسل کا اجلاس بھی منعقد کیا، جس میں لیاقت بلوچ نے بطور صدر مذاکراتی کمیٹی اور انچارج اسلام آباد مارچ خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد مارچ کی تیاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں عبدالرشید مرزا، فیاض احمد فیضی، ساجد خان، خواجہ عظیم، افتخار چوہان، طیب اعجاز، حافظ لطیف، اشفاق انجم، اشتیاق گجر، حافظ رضوان، عاصم راجپوت، نصیر کھوکھر، سعید چیمہ، یاسین کمبوہ، میاں اشرف، پروفیسر شاہد وحید، مفتی عمر اعوان اور عبید الرحمن نے شرکت کی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل